Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت عالم اسلام کا مرکز ہے ، حرمین کیخلاف تمام سازشیں ناکام ہو نگی، سینیٹر سحر کامران

    جدہ ( ارسلان ہاشمی ) سینیٹر سحرکامران نے کہا ہے کہ سعودی عرب عالم اسلام کا محور اور مرکزہے ۔ ارض حرمین کے تقدس کیلئے اہل پاکستان کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔  حوثی باغیوں کی جانب سے ریاض پر  میزائل حملے کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے انہو ں نے مزید کہا کہ اسلامی فوجی اتحاد جو سعودی عرب کی قیادت میں قائم ہوا ہے تمام سازشوں کو ناکام بنانے کی اہلیت و قدرت رکھتا ہے ۔ جدہ پہنچنے پر اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سینٹر سحرکامران نے مزید کہا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو  اقتدار سنبھالنے کے 3 برس مکمل ہونے پر دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کر تی ہوں ۔ شاہ سلمان کی قیادت میں مملکت مثالی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے مستقبل کا جو وژن دیا ہے وہ اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ مملکت کی اعلی قیادت سعودی عرب کو ترقی یافتہ ملک بنانے میں انتہائی مخلص ہے ۔ ولی عہد کی جانب سے نیوم منصوبہ ترقی کی اعلی مثال ہے ۔ سینیٹر سحر کامران نے کہا کہ سعودی عرب عالم اسلام کا محور و مرکز ہے ۔ ارض حرمین کیخلاف کسی قسم کی سازش کو عالم اسلام برداشت نہیں کرے گا ۔ پاکستانی ایوان بالا میں بھی سعودی عرب پر حوثی باغیوں کے میزائل حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے اور اس امر کا یقین دلایا گیا ہے کہ پاکستانی عوام و خواص کے د ل ارض حرمین کے تقدس سے مالا مال ہیں ۔ سعودی عرب کو ملت اسلامیہ میں دل کی حیثیت حاصل ہے ۔ مملکت کی تعمیر و ترقی میں پاکستانیوں کے کردار پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سحر کامران کا کہنا تھا کہ سعودی عرب ہمارا دوسرا گھر ہے ۔ یہاں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمات مثالی ہیں جن کا اعتراف اعلی سعودی حلقوں میں بھی کیا جاتا ہے ۔ اسی طرح پاکستان کو بھی جب ضرورت پڑی سعودی عرب نے ہمیشہ بڑے بھائی کا کردار ادا کیا ۔

شیئر: