نئی دہلی۔۔۔۔آزادی کے 70سال بیت جانے کے بعد بھی ملک کے 4کروڑ سے زائد کنبے بجلی کی سہولت سے محروم ہوکر اندھیرے میں رہنے پر مجبور ہیں۔ ان میں سے ایک چوتھائی سے زیادہ صرف یوپی میں ہیں۔ وزارت بجلی کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق 7دسمبر 2017ء تک 4کروڑ 5لاکھ 74ہزار 727گھروں تک بجلی نہیں پہنچی ۔ ان میں سے ایک کروڑ 45لاکھ80ہزار 929خاندان اتر پردیش میں ہیں۔شمال مشرقی ریاستوں میگھالیہ ، منی پور ، ناگالینڈ میں بغیر بجلی والے کنبوں کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہے اور باقی میں یہ تعداد ہزاروں میں ہے۔ وزیر اعظم سہج بجلی ہر گھر یوجنا’’سوبھاگیہ‘‘کے تحت بغیر بجلی کنکشن والے باقی تمام گھروں کو 31مارچ 2019ء تک روشن کرنے کا ہدف رکھا ہے۔ اس کیلئے 16320کروڑ روپے مختص کئے گے ہیں۔