دمام ..... جامعہ ملیہ اسلامیہ میں داخلہ، امتحانات درخواستوں کو آن لائن حساب کتاب کو مربوط کرکے مکمل طور پر صاف و شفاف بنادیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد نے دمام میں جامعہ کے97ویں یوم تاسیس کی تقریب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کا شمار ہندوستان کی800 یونیورسٹیوں میں پہلی10 یونیور سٹیوں میں ہوتا ہے۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ المنائی ایسوسی ایشن (دمام) کے سابق جنرل سیکریٹری اور انٹر نیشنل انڈین اسکول آف جبیل کے سابق چیئرمین تاشقین اکبر نے وائس چانسلر کا تعارف کرایا۔ جلسہ کی صدارت ایسوسی ایشن کے صدر علی امام صدیقی نے کی۔ تقریب کا آغاز ماسٹر عبدالصمد کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ پروفیسر طلعت نے مزید کہا کہ جامعہ میں طلباء کے لئے نئے وظائف شروع کئے گئے ہیں۔ آئی اے ایس کی تیاری کے لئے کوچنگ کی اسکیم شروع کی گئی ہے۔ جامعہ کے المنائی جامعہ ملیہ اسلامیہ کی ترقی کے لئے ہر ممکن مدد کریں۔ پروفیسر طلعت نے یہ خوشخبری بھی سنائی کہ جامعہ کے یوم تاسیس کے موقع پر انڈین بر یو ہر ٹس آرگنائزیشن نے جامعہ کو ’’یونیور سٹی آف نیشن ‘‘ کے اعزاز سے نوازا ہے۔ تقریب میں موجود مہمانوں اور طلبائے قدیم نے اس اعلان کا خیر مقدم کیا۔دمام جامعہ المنائی ایسو سی ایشن کی سرگرمیوں کی تفصیلات علی امام نے پیش کیں اورحاضرین کا استقبال بھی کیا۔ ندیم احمد نے مہمان اعزازی روہیل کھنڈ یونیورسٹی اور آگرہ یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر محمد مزمل کا تعارف کرایا۔ پروفیسر مزمل نے اعلیٰ تعلیم کی وسعت ،معیار اور اس کی مساویانہ حیثیت پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے قدیم طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ نئے نصاب کو شروع کرنے، کیرئیر کونسلنگ اور گائڈنس و امتیازی صلاحیت رکھنے والے طلباء کی مالی مدد کرسکتے ہیں۔ جامعہ المنائی (ریاض چیپٹر) کے سابق صدر غزال مہدی نے المنائی کا رشتہ اپنی مادری درس گاہ سے مستحکم کرنے اور بانیان جامعہ کے مقاصد اور اقدار کو فروغ دینے پر زور دیا ۔ جامعہ اسکول اور یونیورسٹی میں پہلا جامعہ المنائی اسکالرشپ پروگرام شروع کرنے کے لئے غِزال مہدی کی خدمات کے اعتراف میں جامعہ المنائی دمام چیپٹر کی جانب سے وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد نے انہیں ایک مو منٹو پیش کیا۔ الاطیابی کمپنی الجیل سے ریحان عالم صدیقی نے جامعہ ملیہ اسلامیہ میں ریسرچ پروگرام میں مدد کیلئے 20 لاکھ روپے اسکالرشپ کا اعلان کیا نیز جامعہ کے 2سابق طلبہ اور مشہور تاجر ارشاد حیدراور فرحت عباس نے جامعہ اسکول کے غریب اور ضرورتمند طلباء کوحسن علمدار ٹرسٹ کی جانب سے 10لاکھ روپے اسکالرشپ دینے کااعلان کیا۔ تقریب کے روح رواں تاشقین اکبر نے شرکاء خصوصاً ارمان حیات،احمد شکری اور فرحت کی خدمات کا شکریہ ادا کیا۔ نیشنل بلوکار پوریشن کے نصیر الدین ،ڈولفن اسٹیل کے معراج، جامعہ کے طالب علم ریاض الحق ،دہلی 6 ریستوران کے صبور صدیقی اور رتّال کمپنی کے نسیم کا شکریہ ادا کیا۔ جامعہ کے سابق طالب علم جاوید عالم کی ایسوسی ایشن کے دمام چیپٹر کی ترقی کے لئے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی ۔سعودی عرب کے مختلف شہروں سے برادرانِ جامعہ فیملیوںکے ساتھ پروگرام میں شریک ہوئے۔ فہدنے پروگرام کی نظامت کی اور اپنے برجستہ اشعار سے مہمانوں کا دل جیت لیا۔