چینی کمپنی کا حق ادا نہ کرنے پر سعودی شہری کو جیل بھجوا دیاگیا
ریاض.... ریاض کی ایگزیکٹیو کورٹ نے چینی کمپنی کے مالیاتی حقوق کی ادائیگی کا عدالتی فیصلہ مسترد کرنے والے سعودی شہری کو جیل بھجوا دیا۔ تفصیلات کے مطابق چین کی بین الاقوامی اقتصادی عدالت کے تحت قائم ثالثی کمیٹی نے سعودی شہری کیخلاف ادائیگی کا فیصلہ جاری کیا تھا ۔ اس سے کہاگیاتھا کہ وہ 15 لاکھ سعودی ریال چینی کمپنی کے حوالے کردے۔ یہ رقم 44 لاکھ 19 ہزار چینی کرنسی کے مساوی ہے۔ فریقین کے درمیان تجارتی معاہدے کے بموجب چینی عدالت کا فیصلہ واجب النفاذ ہے۔ چینی کمپنی نے سعودی ایگزیکیٹو کورٹ سے مذکورہ فیصلے پر عملدرآمد کیلئے رجوع کیا تھا۔ عدالت نے تمام امور کی چھان بین اور یہ یقین حاصل کرکے کہ سعودی شہری کے پاس بینک بیلنس نہیں ہے، اسے جیل بھجوا دیا۔