ریاض.... سعودی ایف ڈی اے نے مملکت کے 11 شہروں میں غیر اجازت یافتہ لیزر کی 77 مشینوں سے کام لینے پر پابندی عائد کردی۔ ایف ڈی اے نے اعلامیہ جاری کرکے توجہ دلائی کہ ریاض، مکہ مکرمہ، جدہ، دمام، الخبر، الجبیل، طائف، مدینہ منورہ، بریدہ، عنیزہ اور البکیریہ شہروں میں میڈیکل کمپلیکس ، ڈینٹل سینٹرز، جلدی امراض کے کلینکس اور سرجری کے سینٹرز پر چھاپے مارے گئے تھے جہاں لیزر کی 77 ایسی مشینیں ریکارڈ پر آئیں جن سے استفادہ کی اجازت نہیں لی گئی تھی۔ معائنہ جات کے بعد 12 مشینیں بحال کردی گئیں۔ ادارے کے اہلکاروں نے تفتیشی دوروں کے موقع پر اس بات کی بھی یقین دہانی حاصل کی کہ صحت مراکز میں کام کرنے والے مطلوبہ شرائط پوری کررہے ہیں یا نہیں۔ آئندہ بھی دورے جاری رکھے جائیں گے۔