Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی اسکولوں کو عمارتوں کیلئے جگہ جلد ملنے والی ہے، خان ہشام بن صدیق

اساتذہ، طلباءکی صلاحیتوں کو نکھارنے پر توجہ مرکوز کریں، سفیر پاکستان، انگلش سیکشن کے طلباءنے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا، پرنسپل
ریاض (ذکاءاللہ محسن) سفیر پاکستان خا ن ہشام بن صدیق نے مملکت بھر میں موجود کمیونٹی کو خوشخبری سناتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ہمارے اسکول جلد ہی اپنی عمارتیں تیار کرینگے۔سعودی حکام کے ساتھ عمارتوں کے حوالے سے بات چیت ہورہی ہے۔ وہ پاکستان انٹرنیشنل اسکول انگلش سیکشن ریاض کے دورے کے موقع پر طلباء، اساتذہ، والدین اور عہدیداروں سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ معاشرہ ہی ملک و قوم کا معمار ہوتا ہے۔ پاکستانی طلباءہونہار ہیں۔ معاشرے کی تعمیر و ترقی میں موثر کردارادا کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں اور اسکا جذبہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مملکت میں ہزاروں پاکستانی بچوں کو بہتر تعلیمی ماحول کی فراہمی ، انکی اولیں ترجیحات میں سے ایک ہے۔ یہ ہدف روز بروز بہتر سے بہتر شکل میں حصول کی منزل کی جانب آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے اساتذہ سے کہا کہ وہ طلباءمیں موجود صلاحیتو ںکو نکھارنے پر توجہ مرکو ز کریں۔ پرنسپل تنویر احمد نے بتایا کہ ہمارے اسکول کی شروعات 100بچوں سے ہوئی تھی اب 4ہزار کے لگ بھگ بچے تعلیم پا رہے ہیں۔ یہاں کے بچے ہر سال اے لیول اور او لیول کے امتحانات میں دنیا بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کررہے ہیں۔ سعودی عرب مشرق وسطیٰ بلکہ پوری دنیا میں نمایاں پوزیشن لیکر پاکستان کا نام روشن کررہے ہیں۔ سفیر پاکستان کے ہمراہ پولیٹیکل قونصلر سردارخان خٹک بھی تھے۔ بچوں نے گلدستے پیش کرکے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ سفیر پاکستان نے سائنس لیباریٹری اور کلاس رومزمیں جاکر طلباءسے ملاقاتیں کیں۔ ان سے سوالات کرکے ان کے حوصلے بڑھائے۔ تقریب کی نظامت محمد نعیم اختر، تلاوت کلام پاک کی سعادت طالب علم عبداللہ امین نے حاصل کی۔

شیئر: