پاکستانی ٹیم وہیں پہنچ گئی جہاں چیمپیئنز ٹرافی سے پہلے تھی، بازید خان
کراچی:سابق ٹیسٹ کرکٹر بازید خان کا کہنا ہے کہ چیمپیئنز ٹرافی کی بہت بڑی جیت کے بعد پاکستانی ٹیم وہیں آ کر کھڑی ہو گئی ہے جہاں پہلے موجودتھی۔ قومی ٹیم کی حالیہ کارکردگی پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں شکست کا بڑا مارجن لمحہ فکریہ ہے۔بازید خان کا کہنا تھا کہ اس سیریز میں پاکستان کی بیٹنگ ہی نہیں، بولنگ بھی ناکام رہی۔ ٹیم حسن علی سے بہت زیادہ توقعات وابستہ کر بیٹھی تھی کہ وہی جتوائیں گے جو درست نہیں کیونکہ کبھی بھی کسی ایک کھلاڑی پرامیدیں نہیں لگانی چاہئیں۔ محمد عامر نئی گیند کے ساتھ موثر ثابت نہیں ہوئے ۔ ان کی کارکردگی میں تسلسل کا فقدان نظرآتا ہے۔اب ہمیں ورلڈ کپ کو مدنظر رکھ منصوبہ بندی کرنا ہو گی تاکہ عین وقت پر مسائل کا سامنا نہ ہو۔