سب کچھ کرکے دیکھ لیا، نتائج مایوس کن ہیں، ہیڈ کوچ مکی آرتھر
ویلنگٹن:پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے دورہ نیوزی لینڈ میں مسلسل چھٹی شکست پر افسردگی اور مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سخت محنت کے باوجود ٹیم کی اس طرح ناکامی ان کےلئے ناقابل فہم ہے تاہم امید ہے کہ آئندہ میچز میں نوجوان کھلاڑی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 7 وکٹوں سے شکست کے بعد مکی آرتھر نے کہا کہ میں بہت زیادہ مایوس ہوں اور یہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ آخر اتنی سخت محنت کے باوجود ہم مستقل ہار کیوں رہے ہیں لیکن مجھے اب بھی نوجوان کھلاڑیوں سے خاصی امیدیں ہیں۔ پہلے ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم کی ناقص بیٹنگ کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ بابر اعظم اور حسن علی کے سوا 9 کھلاڑی ڈبل فگر زمیں بھی نہ پہنچ سکے اور پوری ٹیم 105 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔کوچ نے کہا کہ ہم نے بیٹنگ آرڈر تبدیل کر کے دیکھا، ہم نے تمام تر ٹریننگ بھی کی لیکن اس کے باوجود مایوس کن نتائج انتہائی افسوسناک ہیں۔انہوں نے اس شکست اور ناکامی کو نوجوان کھلاڑیوں کیلئے سیکھنے کا ایک اور تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا ٹاپ آرڈر ناتجربہ کار ی کا مظاہرہ کر رہاہے اور ہم نے اپنے منصوبوں پر صحیح طریقے سے عمل نہیں کیا لیکن مجھے اب بھی نوجوان کھلاڑیوں سے توقعات وابستہ ہیں، ہمیں محض کنڈیشنز کا جائزہ لے کر اپنے منصوبوں پر پوری طرح سے عمل کرنے کی ضرورت ہے۔بیٹسمینوں کی جانب سے ناقص شاٹس کھیل کر وکٹیں گنوانے سے متعلق سوال کے جواب میں آرتھر نے تسلیم کیا کہ ان کی ٹیم کے کھلاڑی موسمی حالات کا صحیح طریقے سے اندازہ لگانے میں ناکام رہے۔انہوں نے کہا کہ ہم 170 رنز اسکور کرنے کیلئے کھیلے حالانکہ 140یا150 رنز بھی اچھا ہدف ہو سکتا تھا لیکن 105 رنز کسی بھی صورت اچھے مقابلے کےلئے کافی نہیں تھے۔