رانچی۔۔۔۔۔چارہ گھوٹالہ کے تیسرے مقدمے میں آر جے ڈی صدر لالو پرساد یادو اور بہار کے سابق وزیر اعلیٰ جگن ناتھ مشرا کو 5 ،5سال کی سزا سنادی گئی ہے۔ رانچی کی سی بی آئی عدالت نے آج سزا کافیصلہ سنایا۔ اس کے علاوہ لالو پرساد یادو پر 10لاکھ روپےاور جگن ناتھ مشراپر5لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا۔ سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے فرضی طریقے سے رقم نکلوانے کے معاملے میں لالو کے علاوہ دیگر 50افراد کوقصوروار قرار دیا ۔واضح ہو کہ لالو پرساد یادو کو چارہ گھوٹالے کے2دیگرمقدمات میں سزا ہو چکی ہے۔ چائباسا معاملے میں بحث 10 جنوری کو مکمل کرنے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کو قصوروار ٹھہرائے جانے کے بعد آر جے ڈی کے سینئر لیڈر رگھوونش پرساد سنگھ نے کہا کہ وہ سبھی فیصلوں کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل کریں گے۔آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے سزا کے اعلان کے بعد کہا کہ بہارکے عوام لالو یادو کے ساتھ ہیں اور وہ جانتے ہیں کہ لالو بے قصور ہیں۔ ہم سبھی فیصلوں کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل دائرکرینگے۔ بہار کے نائب وزیر اعلیٰ سشیل مودی نے کہا کہ فیصلے پر کسی طرح کی کوئی حیرانی نہیں،پہلے سے ہی یہ امید کی جا رہی تھی کہ عدالت اسی طرح کا فیصلہ سنائے گی۔واضح رہے کہ چائباسا کے سرکاری خزانے سے36.67کروڑ روپے خوربرد کرنے کے معاملے میں56میں سے 50لوگوں کو مجرم قراردیا گیاجس میں لالو پرساد یادو،جگن ناتھ مشرا بھی شامل ہیں،عدالت نے اس معاملے میں 6کوبری کردیاجبکہ سماعت کے دوران 14 ملزموں کی موت ہوگئی۔ 2ملزمان سشیل کما رجھا اور پرمود کمار جیسوال نے اپنا جرم قبول کر لیا ہے جب کہ3 ملزمان دیپیش چانڈک، آر کے داس اور شیلیش پرساد سنگھ کو سرکاری گواہ بنا یا گیا تھا۔