Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حلقہ فکر و فن سعودی عرب کا معروف ادیب شاعر منو بھائی کیلئے تعزیتی ریفرنس

صحافت ادب ، کالم نگاری اور ڈرامہ نگاری کیلئے منو بھائی کی خدمات لازوال ہیں
ریاض (ذکاءاللہ محسن) حلقہ فکر و فن سعودی عرب کے زیر اہتمام معروف ادیب ، کالم نویس ، شاعر اور افسانہ نگار منو بھائی کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ناظم الامور ڈاکٹر طارق عزیزکے دولت کدہ پر تعزیتی ریفرنس ہوا۔ صدارت حلقہ فکر و فن کے صدر ڈاکٹر محمد ریاض چوہدری نے کی ۔ نظامت کے فرائض سیکریٹری جنرل وقار نسیم وامق نے ادا کئے۔ پروگرام کا آغاز ڈاکٹر معمود احمد باجوہ نے تلاوت قرآن پاک، ترجمہ اور تفسیر بیان کرکے کیا۔ نعتیہ اشعار وقار نسیم نے پیش کئے۔ وقار نسیم وامق نے منو بھائی کی زندگی پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر محمد ریاض چوہدری نے کہا کہ منو بھائی اردو ادب میں نمایاں مقام رکھتے تھے۔ انہوں نے اردو کالم نویسی کو اختراعی جہت عطا کی۔ انکی ادب اور صحافت کیلئے خدمات کو تادیر یاد رکھا جائیگا۔ منو بھائی سماجی کاموں میں بھی پیش پیش تھے۔ ڈاکٹر طارق عزیز نے کہا کہ کالم نویسی کے علاوہ ڈرامہ نگاری بھی منو بھائی کی شخصیت کا ایک معتبر حوالہ ہے۔ انہوں نے پی ٹی وی کیلئے سونا چاندی، جھوک سیال ، دشت اور عجائب گھر جیسے لازوال ڈرامے تحریر کئے۔ حلقہ فکر و فن کی ڈپٹی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر حنا امبرین طارق نے کینیڈا سے پیغام میں کہا کہ خواتین کے حقوق کیلئے انہوں نے تب آواز بلند کی جب یہ آﺅٹ آف فیشن ہوتا تھا۔ حلقہ فکر وفن کے نائب صدر محمد صابر قشنگ نے کہا کہ منو بھائی معاشرتی المیے اور انسانی اموات پر لاجواب کالم لکھتے تھے۔ ڈاکٹر معمود احمد باجوہ نے کہا کہ منو بھائی کی انسان دوستی، جمہوریت پسندی اورترقی پسندی کیلئے جدوجہد پورے معاشرے کی اجتماعی جدوجہدبھی کی ہے جس کے ثمرات آج ہمیں مل رہے ہیں۔ محمد صابر قشنگ، ڈاکٹر حنا امبرین طارق ، ڈاکٹر محمد ریاض چوہدری اور وقار نسیم وامق نے ان الفاظ میں منظوم خراج عقیدت پیش کیا۔

شیئر: