نئی دہلی۔۔۔۔وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے ریڈیو پروگرام ’’من کی بات ‘‘میں ایک خاتون لکشمی کٹی کی تعریف کی جنہوں نے اپنی یاداشتوں اور قدرتی صلاحیتوں سے 500ہربل میڈیسن تیار کیں۔کیرالہ کی آدی واسی لکشمی کٹی کلار میں ٹیچرہیں اور اب بھی گھنے جنگلوں کے بیچ تاڑ کے پتوں سے بنی جھونپڑی میں رہائش اختیار کئے ہوئے ہیں۔انہیں سانپ کے کاٹنے کے بعد استعمال کی جانے والی دوابنانے میں مہارت حاصل ہے۔وہ جڑی بوٹیوں سے بنائی ہوئی دواؤں سے علاقے کے لوگوں کا علاج کرتی ہیں۔ اس گمنام شخصیت کی خدمات کے اعتراف میں مرکزی حکومت کی جانب سے پدم شری سے نوازنے کا فیصلہ کیا گیا۔ لکشمی ویدکے علاوہ شاعرہ بھی ہیں وہ کیرل لوک ساہتیہ اکیڈمی میں ٹیچر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی ہیں۔علاقے کے لوگ انہیں پیار سے وناموتھسی کے نام سے پکارتے ہیں۔ انہیں جنگل کی دادی ماں کہا جاتا ہے۔ 1995ء میں لکشمی کٹی کو کیرل حکومت نے ننووید رتن ایوارڈ سے نوازا تھا۔ کہا جاتا ہے کہ 1950میں وہ جَن جاتیہ قبیلے کی پہلی خاتون ہیں جنہیں اسکول جانے کا موقع ملا،وہ10کلومیٹر روزانہ پیدل چل کر اسکول پہنچتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہربل دواؤں سے علاج کا علم اپنی والدہ سے حاصل کیا۔