اسلام آباد...سپریم کورٹ نے سابق ایس ایس پی راو انوار کا بیان میڈیا پر چلانے پر پابندی لگاتے ہوئے ملزم کی تلاش کے لئے ڈی جی ایف آئی اے کو انٹرپول کے ذریعے دنیا بھر کے ایئرپورٹس سے رابطہ کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے آئی ایس آئی، آئی بی اورایم آئی کو پولیس سے مکمل تعاون کرنے اور گواہوں کو تحفظ فراہم کرنے کا حکم بھی دیا۔ نقیب اللہ محسود ازخود نوٹس کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اسلام آباد ائیر پورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن کی بہادر بیٹی نے معطل پولیس افسر کو روکا۔ اگر راو انوار بھاگ جاتا تو پتہ نہیں وہ کہاں ہوتا۔آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے بتایا کہ راو انوار نے تمام موبائل بند کرد ئیے اور وہ واٹس ایپ کے ذریعے میڈیا سے رابطے میں ہے۔ ہمارے پاس واٹس ایپ کو ٹریس کرنے کی سہولت موجود نہیں۔ راو انوار کی ساری سروس پولیس کی ہے انہیں پتہ ہے کہ ملزم کو کیسے پکڑا جاتا ہے تاہم تمام انسانی وسائل استعمال کرکے گرفتار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔