Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی اسٹاک مارکیٹ میں مندی

ملاذ انشورنس کو فوقیت، انعم ہولڈنگ کی تنزلی، ڈیویڈنڈ کے اعلانات
غیاث الدین ۔ جدہ
گزشتہ ہفتے سعودی اسٹاک مارکیٹ میں مندی دیکھی گئی۔ تداول آل شیئر انڈیکس 271.94کے مدوجزر کے بعد 252.92پوائنٹس کمی کے بعد 7403.15پوائنٹس پر بند ہوا۔ اگر دیکھا جائے تو گزشتہ ہفتے زیادہ تر بین الاقوامی اسٹاک مارکیٹوں میں مندی کا رحجان رہا اس طرح سعودی اسٹاک مارکیٹ کا کاروبار بھی بین الاقوامی کاروبار سے ہم آہنگ تھا۔ اگر ہم انفرادی کمپنیوں پر نظر ڈالیں تو یہ بات ہمارے سامنے آتی ہے کہ ملاذ انشورنس کو دیگر تمام کمپنیوں پر فوقیت حاصل رہی جسکی قیمت 13.13فیصد اضافے کے بعد 19.39ریال پر پہنچ گئی۔ دوسرے نمبر پر سلامہ انشورنس رہی جس کی قیمت 12.40فیصد فروغ کے بعد 32.28ریال پر اختتام پذیر ہوئی جبکہ دوسری طرف انعم ہولڈنگ سب سے زیادہ تنزلی کا شکار رہی جسکی قیمت 11.36فیصد کمی کے بعد 12.88 ریال تک گر گئی۔ میڈگلف انشورنس نقصان کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر رہی جسکی قیمت 11.23فیصد تنزلی کے بعد 21.98ریال پر بند ہوئی۔ سرمایہ کاری کے لحاظ سے سابک ٹاپ پر رہی جس میں 3ارب ریال کی سرمایہ کاری کی گئی اور اسکی قیمت 2.56فیصد کمی کے بعد 104.10ریال پر اختتام پذیر ہوئی۔ انرجی سیکٹر میں پیٹرو رابغ ٹاپ پر رہی جس کی قیمت8.69فیصد اضافے کے بعد 21.77ریال پر بند ہوئی۔ گزشتہ ہفتے متعدد کمپنیوں کی طرف سے سالانہ مالیاتی نتائج کے ساتھ ڈیویڈنڈ کے اعلانات بھی سامنے آئے۔ سعودی سیمنٹ کمپنی نے 17.5فیصد ، بجٹ سعودی نے 15فیصد، حرفی فوڈ نے11فیصد، ساولا گروپ نے 10فیصد، قصیم سیمنٹ نے 8فیصد اور بینک الجزیرہ نے 3.2فیصد ڈیویڈنڈ تقسیم کرنے کے اعلان کئے۔

شیئر: