میڈرڈ..... ملک کے ممتاز مہم جو اور سیاح الوارو نے اپنی تازہ ترین وڈیو فوٹیج جاری کرتے ہوئے ایک انتہائی دور افتادہ علاقے میں زندگی گزارنے کا دعویٰ کیا ہے او رکہا ہے کہ وہ 100فیصد غیر روایتی انداز میں زندگی کے دن کاٹ رہا ہے۔ حد یہ ہے کہ اس نے آگ جلانے کا بھی ایک نیا طریقہ ڈھونڈ لیا ہے۔ اسکا دعویٰ ہے کہ پلاسٹک کی تھیلی میں سمندر کا نمکین پانی رکھ کر اسے آگ کے شعلے میں تبدیل کیاجاسکتا ہے۔ انکا کہناتھا کہ جب اس تھیلی پر سورج کی کرنیں پڑتی ہیں تو اسکی بیرونی پرت کسی میگنیفائنگ گلاس کی طرح کام کرتی ہے اور اسی محدب شیشے کی مدد سے حسب ضرورت آگ جلائی جاسکتی ہے۔ واضح ہو کہ الوارو اب تک دنیا کے 400ایسے مقامات کی سیر کرچکے ہیں اوروہاں رہ چکے ہیں جہاں ان سے قبل کوئی بھی نہیں پہنچا۔ انہوں نے 19سال کی عمر سے ان علاقوں میں جانا شروع کیا۔ انکا کہناہے کہ اس طرح حقیقتاً وہ ایک تہذیب کو دوسرے علاقے کی تہذیب سے متعار ف کرانے میں مصروف ہیں کیونکہ انسانیت کی بقاء کیلئے یہ ضروری ہے۔ اب جبکہ وہ 36سال کے ہوچکے ہیں بہت سے جیالے انکے نقش قدم پر چلنے کیلئے ان انجان علاقوں کی سیاحت کو نکل چکے ہیں اور یہ سلسلہ جاری ہے۔