پی ایس ایل کی ٹیموں کا آصف غفور کیلئے خصوصی تحفہ
جمعرات 15 فروری 2018 3:00
راولپنڈی: پی ایس ایل کی دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے پاکستان فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور سے ملاقات کی اور انہیں پی ایس ایل تھری میں پشارو زلمی کی ٹیم کی نئی کٹ پیش کی۔ میجر جنرل آصف غفور نے اس موقع پر ان کا شکریہ ادا کیا اور انٹرنیشنل کرکٹ کو پاکستان واپس لانے میں پی سی بی کا ساتھ دینے پر جاوید آفریدی کی خصوصی کاوشوں کو سراہا۔ کٹ وصول کرتے ہوئے پاک فوج کے ترجمان نے پشاور زلمی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ دوسری جانب پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن میں پہلی بارشامل ہونے والی چھٹی ٹیم ملتان سلطانز کی جانب سے بھی میجر جنرل آصف غفور کو آفیشل کٹ پیش کر کے اپنی محبت کا اظہار کیاگیا۔ قبل ازیں کراچی کنگز کے چیئرمین سلمان اقبال نے بھی آئی ایس پی آر کے دفتر میں پہنچ کر میجر جنرل آصف غفور کو اپنی ٹیم کی آفیشل کٹ پیش کی تھی۔ پی ایس ایل میں شامل ٹیموں کی جانب سے ملک بھرمیں خصوصی طور پر کراچی میں امن کیلئے فوج کی بے انتہا قربانیوں اور خدمات کے اعتراف میں یہ مستحسن اقدام ہے۔ پی ایس ایل تھری 22فروری سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہو رہا ہے جس کے 2پلے آف میچز 21اور 22مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ 25مارچ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔