Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بسم اللہ کلب نے ایم سی اے T-20 کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا

 سبحان کرکٹ کلب کو 53رنز سے شکست،، محمد جواد ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی اوربلال مین آف دی میچ اوربہترین بیٹسمین رہے، ایم سی اے کی کوششیں قابل تعریف ہیں، ڈاکٹر انصرام
سید مسرت خلیل۔جدہ
مدینہ کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ایم سی اے T-20کرکٹ ٹورنامنٹ بسم اللہ کرکٹ کلب نے جیت لیا ۔ فائنل میں سبحان کرکٹ کلب کو 53رنز سے شکست ہوئی۔ سید مسرت خلیل کی رپورٹ کے مطابق فائنل العاقول کرکٹ کمپلیکس پر کھیلا گیا۔فاتح ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 20اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 213رنز بنائے۔بلال نے 51گیندوں پر 9چوکوں اور 3چھکوں کی مدد سے شاندار سنچری مکمل کی۔سہیل 38اورظفیرنے 36رنز بنائے۔ عمران نے 2وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں سبحان کلب 160رنز بنا سکی۔فہد 58رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔افضل اور ارشد نے 3،3وکٹیں حاصل کیں۔بلال کوسنچری پر مین آف دی میچ قراردیا گیا۔فائنل کے بعدگراونڈ پر تقریب تقسیم انعامات منعقدہوئی جس کے مہمانِ خصوصی معروف تاجرعمر عبدالرشید تھے۔انھوں نے فاتح ٹیم کے کپتان عبدالروف بھٹہ کو وننگ اور بسم اللہ کرکٹ کلب کے کپتان عدنان کو رنر اپ ٹرافیاں اور کھلاڑیوں میں نقد انعامات تقسیم کئے۔بسم اللہ کلب کے بلال نے بہترین بیٹسمین، محمد افضل نے بہترین بولر اور محمد جواد نے ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا انعام حاصل کیا۔ امپائرنگ کی شیلڈ محمد یامین اور فرہاد زاہد نے وصول کی۔خدمات کے اعتراف میں اظہر محمود، مظہر حسین بٹ، عمار حسین، عبا س شیخ اور سراج احمد کو انعام سے نوازا گیا۔فائنل میچ سے لطف اندوز ہونے کے لئے گراونڈ پر تماشائیوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔تقریب کا آغاز تلاوت قران پاک سے ہوا جس کی سعادت آصف نے حاصل کی۔ ایم سی اے کے جنرل سیکریٹری خواجہ زبیر نے ایم سی اے اور ٹورنامنٹ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ 15 ہفتوں پر محیط ٹورنامنٹ میں16 ٹیموں نے حصہ لیا۔ایم سی اے کے چیف ایگزیکٹو سید زاہد علی نے مہمانوں کوخوش آمدیدکہا۔انھوںنے جیتنے والی ٹیموںاورانعامات حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو مبارکباد بھی دی۔مدینہ منورہ کی معزز شخصیت ڈاکٹر انصرام علی نے اپنے خطاب میں کرکٹ کے فروغ کےلئے محدود وسائل کے باوجود ایم سی اے کی کاوشوں کی تعریف کی او ر ایسوسی ایشن کے سی ای او سید زاہد علی کی خدمات کو سراہا۔انھوں نے کھلاڑیوں کو ڈسپلن کی تلقین کی اور اپنے تعاون کا یقین دلایا۔اس موقع پرمعروف شخصیت افضل عباس اور معروف شاعر شاہد امین نے کھلاڑیوں اور کامیاب ٹورنامنٹ منعقد کرنے پر ایم سی اے کو مبارکباد دی۔

شیئر: