جدہ .... مملکت میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد بڑی گاڑیوں کی طلب میں غیر معمولی کمی ہو گئی ۔لوگ چھوٹی گاڑیاں خرید رہے ہیں ۔ مکہ اخبار کی جانب سے کئے جانے والے سروے میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ پرانی گاڑیوں کی مارکیٹ رواں برس سے بے حد متاثر ہو ئی ہے تاہم یکم جنوری 2018 سے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ہی 8 اور 6سلینڈر والی گاڑیوں کی طلب میں غیر معمولی کمی دیکھنے میں آرہی ہے ۔ لوگوں کی اکثریت نے بڑی گاڑیاں فروخت کرکے انکی جگہ 4 اور 3 سلینڈ ر والی گاڑیاں خرید نی شروع دی ہے ۔ پرانی گاڑیوں کی مارکیٹ کے تاجروں کا کہنا ہے کہ رواں برس مملکت میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے غیر ملکی ہی نہیں بلکہ مقامی افراد بھی 8 اور 6 سیلنڈر والی گاڑیوں کی خریداری سے اجتناب کر رہے ہیں ۔ وہ گاڑیاں جن کی مالیت گزشتہ برس 25 ہزار ریال تھی اب انہیں کوئی خرید نہیں رہا ۔ 8 سیلنڈر والی امریکن گاڑیوں کی مارکیٹ نہ ہو نے کے برابر ہے ۔ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے قبل امریکی گاڑیاں مملکت میں کافی مقبول تھیں جن کی طلب ہونے کی وجہ سے مارکیٹ میں گاڑیوں کا لین دین بھی اچھی طرح ہوتا تھا مگر اب پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے بعد ایسی گاڑیاں شورومز میں کھڑی ہیں ۔ مارکیٹ میں ایک اور تاجر کا کہنا تھا کہ اگرچہ گزشتہ برس کے اختتام سے ہی پرانی گاڑیوں کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی دیکھنے کو آرہی تھی جس کا بنیادی سبب غیر ملکیوں کے اہل خانہ پر عائد کی جانے والی سالانہ فیسیں تھیں ۔ امسال یکم جنوری سے پیٹرول اور بجلی کے نرخوں میں اضافے کے بعد جہاں بڑی گاڑیوں کی قیمتو ں میں غیر معمولی کمی ہوئی ہے وہاں چھوٹی گاڑیوں کی قیمتیں بھی اگرچہ کم ہوئی ہیں تاہم ان میں کمی کا تناسب بڑی گاڑیوں سے کم ہے ۔