سرمایہ کار مشکلات کی صورت میں گورنریٹ کے ترقیاتی سینٹر سے رجوع کر یں ، گورنر مکہ
جدہ .... خاد م حرمین شریفین کے مشیر اور گورنر مکہ شہزادہ خالد الفیصل نے کہا ہے کہ مقامی سرمایہ کاروں کو معاملات کی تکمیل میں مشکل کا سامنا ہوتو وہ فوری طور پر گورنریٹ سے رجوع کریں ۔ عکاظ اخبار نے گورنر مکہ مکرمہ کے مختلف کمشنریوں کے دورے کے دوران مقامی تاجروں و سرمایہ کاروں کے وفد سے ملاقات کی جس میں سرمایہ کاروں نے بعض مشکلات کا اظہار کیا ۔ گورنر مکہ شہزادہ خالد الفیصل نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گورنریٹ میں قائم ترقیاتی سینٹر کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ مذکورہ سینٹر میں متعین اہلکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سرمایہ کاروں کو درپیش مشکلات کا فوری ازالہ کریں اور انہیں ہر ممکن امداد مہیا کی جائے ۔ شہریوں سے ملاقات کے دوران ایک شخص نے گورنر سے شکایت کی کہ وہ سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے مگر 3 برس سے متعلقہ اداروں کے چکر لگا رہا ہے تاکہ لائسنس حاصل کر سکوں مگر اپنی کوشش میں ناکام رہا ۔ شہری کی شکایت پر گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے اس سے دریافت کیا کہ آیا وہ گورنریٹ میں قائم ترقیاتی مرکز گیا ہے ؟ شہری نے کہا مجھے اس کا علم نہیں اس لئے وہاں نہیں گیا ۔ گورنر مکہ نے بتایا کہ گورنریٹ میں ترقیاتی امور کا جامع مرکز قائم کیا گیا ہے جہاں سرمایہ کاروں کی بہترطور پر رہنمائی ہی نہیں کی جاتی بلکہ انکے ساتھ ہر ممکن حد تک تعاون کیا جاتا ہے تاکہ انکے معاملات جلد از جلد مکمل ہو سکیں ۔ گورنر مکہ نے ریجن میں نئے منصوبوں کے قیام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کار بہتر طور پر مختلف میدانو ںمیں سرمایہ کاری کریں اور اگر انہیں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا ہو تو وہ گورنریٹ میں قائم مرکز سے رجوع کریں تاکہ انہیںفوری طور پر حل کیاجاسکے ۔ گورنر مکہ مکرمہ ان دنوں مختلف علاقوں کے دورے پر ہیں جہاں وہ ان علاقوں میں رہنے والوں سے ملاقات کر کے انکی مشکلات سنتے اور حل کرتے ہیں ۔ گورنر کو اہل علاقہ کی جانب سے مختلف تجاویز سے بھی آگاہ کیا گیا ۔