Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ثمینہ بیگ پاکستان کےلئے اقوام متحدہ کی خیرسگالی سفیر

اسلام آباد... اقوام متحدہ کے ترقیاتی ادارہ (یو این ڈی پی) نے معروف کوہ پیما ثمینہ بیگ کو پاکستان کےلئے خیرسگالی سفیر مقرر کر دیا ۔ ثمینہ بیگ ماونٹ ایورسٹ کو سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں جو پائیدار ترقی کے عالمی مقاصد بالخصوص تبدیلی آب وہوا، ماحول کے تحفظ اور خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق مقاصد کے حصول کے سلسلے میں قومی آگاہی بہتر بنانے کی کوششوں میں قائدانہ کردار ادا کریں گی۔ اس موقع پر پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈنیٹر نے کہا کہ پاکستان کا شمار دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے جنہیں تبدیلی آب وہوا کے ہاتھوں سب سے زیادہ خطرات درپیش ہیں۔ ان اثرات سے نمٹنے کی تیاری اور ماحولیاتی تحفظ کو باقاعدہ اداروں کی شکل دینے سے آئندہ نسلوں کے لئے معاشی ترقی کا تحفظ ممکن ہو گا۔ معاشرے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے لئے خواتین کو بااختیار بنانا نہ صرف اخلاقی تقاضا ہے بلکہ پائیدار ترقی کے لئے بھی ناگزیر ہے۔ ثمینہ بیگ 22سال کی عمر میں ماونٹ ایورسٹ سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بنیں۔23 سال کی عمر میں وہ دنیا کے ساتوں براعظموں کی بلند ترین چوٹیوں کو سر کر چکی تھیں۔ انہیں پرائیڈ آف پرفارمنس بھی مل چکا ہے۔ثمینہ بیگ نے کہا کہ یو این ڈی پی کا حصہ بننا میرے لئے انتہائی اعزاز کی بات ہے۔ اقوام متحدہ کی قومی خیرسگالی سفیر کی حیثیت سے عالمی حدت کے تدارک پر سنجیدہ اقدامات کے لئے اٹھنے والی آوازوں میں میری آواز شامل ہو گی نوجوان لڑکیوں کو اس قدر بااختیار بنانے کے لئے بھی آواز اٹھاوں گی کہ وہ اپنے اپنے شعبوں میں بلند ترین مرتبے تک پہنچ سکیں۔
مزید پڑھیں:ملیحہ لودھی5 کامیاب سفارتکار خواتین میں شامل

شیئر: