Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دیواروں پر پینٹنگ کرنے کے لیے این اوسی حاصل کیا جائے، وزارت بلدیات

میونسپلٹی سے این او سی حاصل کیے بغیرپینٹنگ کرنے پر جرمانہ ہوگا(فوٹو، ایس پی اے)
وزارت بلدیات و ہاوسنگ نے وال پینٹنگ اور چاکنگ کے حوالے سے یاددانی کرائی ہے کہ مقررہ ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پرجرمانہ کیا جاتا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت بلدیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ دیواروں پر پینٹنگ یا کچھ بھی تحریر کرنے کے لیے میونسپلٹی سے این او سی حاصل کرنا ضروری ہے ایسا نہ کرنے پر جرمانے کے علاوہ متاثرہ دیوار کو درست کرنا اور پینٹنگ کو صاف کرنا ہوگا۔
وزارت بلدیات کا کہنا تھا کہ شہر کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لیے دیواروں کو بھی صاف رکھنا ضروری ہے۔ دیواروں پر کسی بھی قسم کے نقش و نگار بنانے کے ضوابط مقرر ہیں ۔
جو ادارے دیواروں پر خطاطی یا پینٹنگ کرنے کے خواہشمند ہوں انہیں چاہئے کہ وہ اپنی تحریر یا پینٹنگ کے بارے میں علاقے کی بلدیہ کے متعلقہ ادارے کو پیش کریں ۔
متعلقہ کمیٹی درخواست کا جائزہ لینے کے بعد این او سی جاری کرنے کی مجاز ہوگی۔ ایسے مقامات جہاں کسی قسم کا فیسٹول وغیرہ منعقد کیا گیا ہو وہاں دیواروں پر عارضی طورپر پینٹنگ وغیرہ کی جاسکتی ہے جو مقررہ ضوابط اور حدود کےمطابق ہو۔
تجارتی  مقامات مثال کے طورپر فٹبال کلب ، تجارتی مالز ، فٹنس کلب وغیرہ کے مالکان کے لیے لازمی ہے کہ وہ دیواروں پر کچھ تحریرکرنے سے قبل اس کا اجازت حاصل کریں۔
نجی اور رہائشی عمارتوں یا کمپاونڈز کی بیرونی دیواروں پر بھی کچھ بنانے یا تحریر کرنے سے قبل بلدیہ کے متعلقہ ادارے سے این اوسی حاصل کرنا ہوگا۔

شیئر: