ریاض ..... خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے پیر کو بین الاقوامی انسانی ریاض فورم کا افتتاح کردیا۔ فورم کا عنوان " انسانی خدمت عالمی فرض" رکھا گیا ہے۔ اس کا اہتمام شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے اقوام متحدہ کی شراکت سے کیا ہے۔ شاہ سلمان مرکز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبداللہ ربیعہ نے بتایا کہ فورم کے شرکاء انسانیت نواز خدمات فراہم کرنے والی تنظیموں کو پیش آنے والی رکاوٹوں کو اجاگر کریں گے ۔ انسانیت نواز سعودی تنظیموں کی تشکیل کے طور طریقوں پر بات چیت کریں گے۔ فورم میں روس کے وزیر ہنگامی امور عالمی ادارہ خوراک کے سربراہ اٹلی کے دو وزیر ، عالمی ادارہ صحت کے سربراہ اور اقوام متحدہ کے عہدیدار بھی شریک ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے اپنے وڈیو پیغام میں کہا کہ وہ فورم کے انعقاد پر سعودی عرب کے شکر گزار ہیں۔ شام کے مصیبت زدگان کے تحفظ اور کمزوروں کی مدد کیلئے مزید جدوجہد درکار ہے۔ انہوں نے شام ، یمن عراق، لیبیا اور مقبوضہ فلسطین میں انسانیت بحرانوں ، درپیش رکاوٹوں ، دشواریوں اور موت و حیات کے کشمکش میں زندگی گزارنے والے وہاں کے لوگوں کی مدد کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے سوڈان میں قحط کے مسائل کی طرف بھی توجہ مبذول کرائی۔ بین الاقوامی انسانی ریاض فورم خطے میں اپنی نوعیت کا پہلا ہے۔ دو دن تک جاری رہے گا۔ اس میں ایک طرف تو انسانی امداد کے امور کے ماہر فیصلہ ساز عہدیدار اور مقامی و علاقائی و بین الاقوامی سرکاری تنظیموں، ایجنسیوں ، این جی اوز اور اسکالرز شریک ہیں۔ شاہ سلمان نے اس موقع پر آن لائن سعودی امداد اسکیم کا افتتاح کیا۔ انہوں نے اوقاف الشیخ سلیمان الراجحی ، اوقاف الشیخ صالح الراجحی ، اوقاف عبداللہ و محمد السبعی ، مطلق الغویری، الجمیح فاﺅنڈیشن، عبدالالہ بن محفوظ، سعودی فرانسیسی بینک اور نیشنل کمرشل بینک کو اعزاز سے نوازا۔ یہ سب بڑے عطیہ دہندگان مانے جاتے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہوں اور وزراءنے شاہ سلمان سے مصافحہ کرکے یادگاری تصاویر بنوائیں جبکہ مشیر ایوان شاہی نے شاہ سلمان کو یادگاری تحفہ پیش کیا۔