ٹریفک خلاف ورزیوں پر خود کار سسٹم کے تحت چالان کا آغاز 6 مارچ سے
ریاض..... ٹریفک پولیس کی جانب سے سیٹ بیلٹ اور موبائل فون کی خلاف ورزی پر خود کار چالان سسٹم کا آغاز 6 مارچ سے کیا جا رہا ہے۔ سبق نیوز کے مطابق ٹریفک پولیس نے مملکت کے مختلف شہروں کی مصروف شاہراہوں پر خود کار سسٹم کی تنصیب مکمل کر لی ہے جس کی تجرباتی مدت بھی کامیابی سے مکمل ہونے کے بعد سسٹم کو عملی طور پر فعال بنانے کا اعلان کر دیا گیا ہے ۔ ٹریفک پولیس نے ٹویٹر اکاﺅنٹ پر پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ خود کارکیمروں کی تنصیب مصروف شاہراہوں پر کی گئی ہے جن کے ذریعے ایسے ڈرائیوروں کا چالان کاٹا جائے گا جو دوران ڈرائیونگ ہاتھ میں موبائل فون پکڑکر استعمال کرتے ہیں ۔ شاہراہوں پر نصب حساس ترین کیمرے سیٹ بیلٹ نہ باندھنے والوں کا بھی چالان کیا جائے گا ۔ ٹریفک پولیس کے ذرائع نے مزید کہا ہے کہ ڈرائیور کے ساتھ والی سیٹ پر بیٹھنے والوں پر بھی سیٹ بیلٹ کا استعمال لازمی ہے ۔ اگلی سیٹ پر بیٹھنے والے اگر بیلٹ نہ باندھیں گے تو خود کارسسٹم کے ذریعے انکا بھی چالان کیاجائے گا ۔ واضح رہے ٹریفک پولیس کی جانب سے ریاض اور جدہ کی اہم شاہراہوں پر انتہائی حساس اور جدید ترین کیمرے نصب کئے گئے ہیں جو ٹریفک پولیس کے کنٹرول روم سے منسلک ہیں ۔ کیمرو ںکے ذریعے ایسے ڈرائیورجو سیٹ بیلٹ کا استعمال نہیں کرتے یا دوران ڈرائیونگ براہ راست بغیر ہیڈ فون یا بلو ٹوتھ کے موبائل فون استعمال کرتے ہیں کے خلاف چالان کاٹا جائے گا ۔ خود کار سسٹم کے تحت جس ڈرائیور کا چالان کاٹا جائے گااس کی اطلاع فوری طور پر متاثرہ شخص کے موبائل فون پر ارسال کر دی جائے گی ۔ واضح رہے ٹریفک پولیس کی جانب سے حادثات کی روک تھام کے لئے ڈرائیونگ قوانین کو سخت کیا گیا ہے ۔ اس ضمن میں ڈرائیونگ کے دوران براہ راست موبائل سیٹ استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی ۔ بعض افراد ڈرائیونگ کے دوران موبائل فونز پر سوشل میڈیا پر مصروف رہتے ہیں جو سنگین حادثات کا سبب بنتے ہیں ۔