دمام.... سعودی ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر مازن الحماد نے کہا ہے کہ بحر الاحمر کے علاقے میں فری پورٹ کے قیام سمیت 18 تجاویز پر غور کیاجارہا ہے ۔ عکاظ اخبار کی اطلاع کے مطابق دمام میں مشترکہ خلیجی کسٹم سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سعودی ایکسپورٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر برائے ترقیاتی امور مازن الحماد نے مزید کہا کہ ساحل بحر الاحمر پر تجارتی سرگرمیوں سے بہتر طورپر استفادہ کےلئے مقررہ کمیٹی کی جانب سے متعدد تجاویز پیش کی گئی ہیں جن میں سرفہرست ساحل پر فری پورٹ کا قیام شامل ہے ۔ موجودہ عالمی حالات میں تجارت کا فروغ انتہائی اہم ہے۔ کسی بھی ملک کی معیشت میں بہتری اور ترقی کےلئے تجارت کو فروغ دینے کے لئے بندر گاہ انتہائی اہمیت کی حامل ہو تی ہے ۔ الحماد نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ بحر الاحمر اور خلیج عربی کے ساحل بین الاقوامی تجارت کےلئے غیر معمولی اہمیت کے حامل ہیں ۔ 13 فیصدبین الاقوامی تجارتی قافلو ں کا روٹ بحر الاحمر اور خلیج عربی ہے جس سے قطعی طور پر استفادہ نہیں کیاجاتا ۔ اس ضمن میں سعودی ایکسپورٹ اتھارٹی متعلقہ اداروں کے تعاون سے امپورٹ و ایکسپورٹ بینک کے قیام کےلئے جامع منصوبہ بندی کی جارہی ہے جس کے تحت ایکسپورٹرز اور امپورٹرز کو سہولت فراہم کی جائیگی ۔