چیئر مین سینیٹ بلوچستان سے ہونا چاہئیے،وزیر اعلی بزنجو
کوئٹہ ..وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کو مسترد کر تے ہوئے کہا ہے کہ بہتر حکمت عملی اور ساتھیوں کی مدد سے 6 سینیٹرز کامیاب کرائے جو ہماری جیت اور یکجہتی کا ثبوت ہے۔ سینیٹ چیئرمین بلوچستان سے ہونا چا ہئے۔ ن لیگ سمیت کسی بھی جماعت کے لئے ہمارے دروازے بند نہیں کئے۔ ابھی کسی جماعت کیساتھ جانے کا فیصلہ نہیں کیا۔ پیپلز پارٹی کے وفد سے ملاقات سینیٹ انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد کیلئے تھی کسی خاص ایجنڈے کے لئے نہیں تھی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ جب تحریک عدم اعتماد کے بعد یہی الزام لگایا جا رہا تھا کہ مجھے وزیراعلیٰ اس لئے بنایا گیا ہے کہ سینیٹ انتخابات سے قبل اسمبلی توڑ دوں لیکن سینیٹ انتخابات خوش اسلوبی سے کرائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا یہی مطالبہ ہے کہ اب بلوچستان سے سینیٹ چیئرمین لیا جائے تاکہ صوبے کے مسائل اور احساس محرومی کو دور کرنے میں مدد مل سکے۔