Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان نے سینیٹ نشستیں وزیراعلیٰ بلوچستان کے حوالے کردیں

اسلام آباد... تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنی سینیٹ کی 13 نشستیں وزیر اعلیٰ بلوچستان کو دینے کا اعلان کردیا ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ سینیٹ کا چیئرمین بلوچستان سے ہونا چاہیے۔ سینیٹ کی اپنی 13 سیٹیں وزیراعلیٰ بلوچستان کے حوالے کررہے ہیں۔سب کی کوشش ہونی چاہیے کہ چیئرمین سینیٹ (ن) لیگ سے نہ ہو ۔ (ن) لیگ میں جمہوریت کے نام پر لوٹنے والے لوگ ہیں۔ یہ نوازشریف کوکرپشن سے بچانے کے لئے قانون بنانے کی کوشش کریں گے۔ یہ ملک کو داو پر لگانے کے لئے تیار ہیں۔یہ ہر اس ادارے پر حملہ کر رہے ہیں جو ان کا غلام نہیں۔یہ کبھی فوج پر حملہ کرتے ہیں تو کبھی سپریم کورٹ پر۔ پانامہ میں نام آنے پر انہیں جواب دینا چاہئیے تھا۔ اس کے بجائے یہ اداروں پر حملے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان نے وہ کام کیا جو باہر ملکوں میں ہوتا ہے۔ وہ ان ہاوس تبدیلی لائے ۔کاش جب نوازشریف کا نام جب پانامہ میں آیا تھا تو ن لیگ انہیں پارٹی سے نکال دیتی۔ ہمیں عدالتوں میں نہیں جانا پڑتا ۔ عمران خان نے کہا کہ بلوچستان کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا۔ جائز حقوق نہ ملنے پر بلوچستان کے لوگوں میں احساس محرومی ہے۔ اس لئے چاہتے ہیں کہ چیئرمین سینیٹ بلوچستان سے ہونا چاہئیے ۔اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہاکہ عمران خان نے دل بڑا کرکے ہماری حمایت کا اعلان کیا۔ آصف زرداری کو بھی قائل کر یں گے کہ چیئرمین سینیٹ بلوچستان سے ہو۔انہوں نے کہا کہ حاصل بزنجو کو نواز شریف کی ٹیم میں سمجھتے ہیں۔ انہیں دعوت دیتے ہیں کہ وہ ہماری ٹیم میں آجائیں۔
مزید پڑھیں:چیئرمین سینیٹ کیلئے بلوچستان کے آزاد امیدواروں کا اہم کردار؟

شیئر: