Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض: گرین انیشیٹو مہم میں تھائی لینڈ کے سفارت خانے کا رضاکارانہ اقدام

پودوں کی افزائش کا یہ منصوبہ ماحولیاتی نظام کی بحالی میں مددگار ثابت ہو گا۔ فوٹو واس
ریاض میں تھائی لینڈ کے سفارت خانے نے حال ہی میں ریاض کے مرات گورنریٹ میں واقع ابا سمری نیشنل پارک میں گرین انیشیٹو کےتحت شجرکاری کی رضاکارانہ مہم میں حصہ لیا۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی واس کے مطابق یہ پروگرام نیشنل سینٹر فار ویجیٹیشن کور ڈویلپمنٹ اینڈ کمبیٹنگ ڈیزرٹیفکیشن کے تعاون سے منعقد کیا گیا جو نیشنل گریننگ سیزن کا حصہ ہے۔
سعودی گرین انیشیٹو کے حوالے سے نیشنل گریننگ سیزن کا مقصد پودوں کی افزائش کو بہتر بنانا، زمین کے انحطاط کو روکنا اور مقامی طور پر بہتر نشوونما پانے والی اقسام کے درخت لگانا ہے۔
تھائی لینڈ کے سفارت خانے کا ان رضاکارانہ خدمات میں شامل ہونے کا مقصد پودوں کی بحالی کو فروغ دینا اور مرکز کی جانب سے تمام شعبوں میں ماحولیاتی شمولیت کی اپیل کے ساتھ ہم آہنگ ہونا ہے۔
پودوں کی افزائش کا یہ منصوبہ آب و ہوا کا معیار بہتر بنانے، گرد آلود طوفانوں کو کم کرنے اور ماحولیاتی نظام کی بحالی میں مددگار ثابت ہو گا۔
نیشنل گریننگ سیزن اس بڑے پروگرام کا اہم حصہ ہے عوامی و نجی شراکت داری، رضاکارانہ شجرکاری مہم اور صحرائی علاقوں کی آب و ہوا کا معیار بہتر بنانے کے بارے میں عوامی شعورو آگہی بیدار کرتا ہے۔

مہم کا مقصد قدرتی ماحولیاتی نظام کو محفوظ بنانا ہے۔ فوٹو واس

نیشنل گریننگ سیزن کے تحت مملکت بھر میں جاری شجرکاری مہم میں پودوں کی افزائش کے مقامات کا تحفظ اور نشوونما میں مثبت کوششیں شامل ہیں۔
اس منصوبے کے تحت جنگلات کی آگ، درختوں کی غیر قانونی کٹائی اور غیر منظم چراگاہوں جیسے مسائل کو حل کرتے ہوئے قدرتی ماحولیاتی نظام کو محفوظ بنایا جا رہا ہے۔
 
  •  

شیئر: