اسلام یونائیٹڈ پشاور زلمی کو ہرا کر پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست
دبئی:اسپنرز کی شاندار بولنگ سے اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو آوٹ کلاس کرتے ہوئے26 رنز سے ہرا کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر حاصل کرلی۔ پی ایس ایل کے 21ویں میچ میں پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی ،رونچی وہاب ریاض کو لگاتار 3 چوکے لگانے کے بعد چھکا مارنے کی کوشش میں باونڈری پر کیچ ہوئے۔جین پال ڈومینی کا ساتھ دینے حسین طلعت آئے اور دونوں نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کی سنچری مکمل کرائی، حسین طلعت نے 29رنز بنائے ، ڈومینی نے 54 گیندوں پر 4چھکوں اور6 چوکوں سے 73رنز کی ناٹ آوٹ اننگز کھیلی، انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔شاداب خان غلط فہمی میں رن آوٹ ہوگئے۔ ڈومینی کے ساتھ آصف علی نے71 رنز کی شراکت بنائی ۔آصف علی نے 4چھکوں اور2چوکوں کی مدد سے 45 رنزبنائے۔اسلام آباد یونائیٹڈنے5 وکٹوں پر 182 رنز بنائے۔ وہاب ریاض نے3 وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کے کامران اکمل اور آندرے فلیچر نے 32 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن سمیت پٹیل نے آتے ہی کامران اکمل کو واپس بھیجا۔فلیچر اور ڈیوین اسمتھ کو سمیت پٹیل نے لگاتار 2گیندوں پر آوٹ کر دیا۔محمد حفیظ اور خوشدل شاہ نے اسکور 75 تک پہنچایا، پشاور زلمی کو اصل دھچکا اس وقت لگا جب ظفر گوہر نے اپنے پہلے ہی اوور میں لیام ڈاسن اور ڈیرن سیمی کو بولڈ کر کے زلمی کی جیت کی تمام امیدیں ختم کردیں۔سمیت پٹیل نے آخری گیند پر حسن علی کو آوٹ کر کے اپنی چوتھی وکٹ حاصل کی جبکہ محمد حفیظ بھی ظفر گوہر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔92 رنز پر8 وکٹیں گرنے کے بعد پشاور زلمی کی سنچری بھی مکمل ہوتی نظر نہیں آ رہی تھی لیکن اس مرحلے پر وہاب ریاض اور عمید آصف ڈٹ گئے۔دونوں نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نویں وکٹ کیلئے 55 رنز بنا کرٹیم کوبڑی شکست سے بچا لیا۔وہاب ریاض کے 33 رنز کے ساتھ پشاور زلمی نے 9وکٹوں پر 156 رنز بنائے،اسلام آبادیونائیٹڈ نے 26 رنز سے فتح حاصل کر لی۔ سمیت پٹیل نے4 اور ظفر گوہر نے3 وکٹیں حاصل کیں۔یہ اسلام آباد پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔