واشنگٹن۔۔۔وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے رہنما کِم جونگ اَن کے درمیان بالمشافہ بات چیت پر اتفاق کے بدلے ’’صفر رعایتیں‘‘ دی جائیں گی۔ہفتہ کو وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری سارا ہکابی سینڈرز نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہم طاقتور پوزیشن سے بات کر رہے ہیں جو بات گزشتہ انتظامیہ کے دور میں نہیں تھی۔یہ ٹرمپ انتظامیہ کے شدید دباؤ کا ہی نتیجہ ہے اور یہ کہ شمالی کوریا کی آواز کمزور ہے۔انہوں نے کہا کہ صدر تب تک ملاقات نہیں کریں گے جب تک وہ شمالی کوریا کی جانب سے ٹھوس اور قابل تصدیق اقدامات ہوتے نہیں دیکھتے۔صدر کو وہی کچھ مل رہا ہے جو وہ چاہتے تھے۔شمالی کوریا کے پاس ایک موقع ہے کہ وہ جوہری ہتھیار تلف کر دے۔