Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کم عمر طالب علم کی مثالی ایمانداری، تاجر کے 15 ہزار ریال لوٹا دیئے

الباحہ.... کم عمر طالب علم نے ایمانداری کی مثال قائم کرتے ہوئے راستے میں ملنے والے 15 ہزار ریال اسکے مالک تک پہنچا دیئے ۔ سبق نیوز کے مطابق الباحہ کمشنری کے قصبے ذی عین میں ایک 12 سالہ طالب علم عمر محمد العمری گھر کا سودا لینے بازار گیا تو سڑک پر اسے ایک لفافہ پڑا ہوا ملا ۔ طالب علم نے فطری تجسس کے تحت لفافہ اٹھایا اور کھول کر دیکھا تو وہ نوٹوں سے بھر ا ہواتھا ۔ العمری اتنے بہت نوٹ دیکھ کر گھبرا گیا اور سیدھا گھر پہنچا جہاں اس نے والدہ کو تمام قصہ بتاتے ہوئے اس نوٹوں کا لفافہ دے دیا ۔ طالب علم العمری نے والدہ سے کہا کہ ہم کس طرح یہ لفافہ اس کے مالک تک پہنچا سکتے ہیں جبکہ ہمیں تو معلوم ہی نہیں کہ اس کا مالک کو ن ہے ۔ واضح رہے مذکورہ قصبے زراعت کے لئے معروف ہے قریبی شہروں سے تاجر اس قصبے میں آکر سبزیاں اور دیگر اشیاءخریدتے ہیں ۔ العمری کی والدہ نے کہا کہ قصبے کے بازار میں جاﺅ اور جہاں سے لفافہ ملا تھا اس کے قریبی دکانداروں کو بتا کر یہ کہہ دو کہ اگر لفافے کا مالک آئے تو اسے ہمارے گھر بھیج دیں ۔ العمری نے ایسا ہی کیا اور قصبے کی مارکیٹ والوں کو کہہ دیا کہ اسے رقم ملی ہے اور اسکا مالک لازمی طور پر اسے تلاش کرتا ہوا مارکیٹ میں آئے گا اگروہ آئے تو اسے میرے گھر بھیج دیں ۔ دوسرے دن ایک شخص العمری کے گھر پہنچ گیا جس نے لفافے کی نشانی بتائی جس پر العمری نے اسے وہ لفافہ دے دیا ۔ تاجر نے کم عمر طالب علم کی ایمانداری سے متاثر ہو کر اسے 1000 ریال انعام میں دے دیئے ۔ 
 

شیئر: