کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 63رنز سے ہرادیا
دبئی:پاکستان سپر لیگ کے 22ویں میچ میں کراچی کنگز نے سیزن کا سب سے بڑا اسکور 3وکٹوں پر188رنز بنا کر ملتان سلطانز کو63رنز سے شکست دےدی ۔ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ لینڈل سیمنز سست روی سے 4رنز بنا کر آوٹ ہوئے تو جو ڈینلی اور بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے118 رنز بنا کر لیگ کی سب سے بڑی شراکت قائم کردی۔ ڈینلی نے 55 گیندوں پر 78 رنز جبکہ بابر اعظم 39 گیندوں پر 58 رنز بنائے ۔ کولنگ انگرم نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے آخری 8 گیندوں پر 29 رنز کی اننگز کھیلی۔ 189 رنز کے ہدف کیلئے ملتان سلطانز کی ٹیم آخری اوور کی چوتھی گیند پر125 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ کمار سنگا کارا اور احمد شہزاد نے ٹیم کو 41رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم سنگا کارا 18اور پھر52کے مجموعی اسکور پر احمد شہزاد24 رنز بنا کرآوٹ ہوئے تو ملتان کی بیٹنگ لڑ کھڑا گئی اور وکٹیں تیزی سے گرنے لگیں ۔86رنز پر7کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔ سہیل تنویر اور عمران طاہر نے اسکور کو آگے بڑھانے کی کوشش کی لیکن12رنز کے اضافے پر عمران طاہر کو عامر نے بولڈ کردیا ۔آخری وکٹ کی شراکت میں سہیل تنویر نے محمدعر فان کے ساتھ 24کی شراکت قائم کی ،سہیل تنویر نے 34رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے ۔ ۔شاہد آفریدی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے3وکٹیں لے کر مین آف دی میچ رہے۔ عرفان جونیئر نے2 وکٹ لئے۔ کراچی کنگز9پوائنٹس کے ساتھ لیگ ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے جبکہ ملتان کی ٹیم تیسری پوزیشن پر چلی گئی۔