پی ایس ایل کی حقیقی کامیابی ملک ہی میں ممکن ہے ، رمیز راجہ
شارجہ:سابق کپتان اور معروف کمنٹیٹر رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان سپرلیگ کا انوکھا پن اب سپاٹ ہوتا نظر آرہا ہے اور اگر اسے دبئی اور شارجہ میں مزید کامیابی سے منعقد کرنا ہے تو اس کےلئے بہت زیادہ محنت کرنی ہوگی جبکہ اس خطے میں بہت زیادہ کرکٹ سے مقامی شائقین بھی اکتا چکے ہیں۔ مقابلوں میں شائقین کی عدم دلچسپی اور اسٹیڈیمز خالی ہونے سے متعلق سوال پررمیز راجہ کا کہنا تھاکہ درحقیقت پاکستان سپر لیگ کا سب کچھ پاکستان میں ہے اور یہ پاکستان ہی میں پھلے پھولے گی۔اس میں کوئی شک نہیں کہ کسی بھی ملک کی لیگ اسی ملک میں زیادہ کامیاب ہوگی اور بیرون ملک اس کی ویسی مقبولیت ممکن نہیں ہو سکتی ۔پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی بھی تسلیم کرتے ہیں کہ اسٹیڈیمز بھرے ہوئے نہیں لیکن ساتھ ہی وہ یہ دعویٰ بھی کرتے ہیں کہ گزشتہ2 پی ایس ایل کے مقابلے میں اس بار شائقین کی تعداد شارجہ میں بہتر رہی ہے جبکہ دبئی میں کوئی خاص فرق نہیں پڑا۔نجم سیٹھی یہ بھی کہتے ہیں کہ پہلے ہم تھوڑی بہت مفت ٹکٹس دے دیتے تھے لیکن اب متحدہ عرب امارات میں نئے ٹیکس کے نفاذ کے سبب یہ ممکن نہیں رہا اور مقامی قوانین کے تحت 10فیصد سے زیادہ مفت ٹکٹیں نہیں دی جا سکتیں۔نجم سیٹھی کاکہنا تھا کہ اگر ہم نے اسٹیڈیم بھرے ہوئے دیکھنے ہیں تو جتنا جلد ہوسکے پاکستان سپر لیگ کو پاکستان منتقل کیا جائے۔نجم سیٹھی نے راولپنڈی اور کراچی کے ا سٹیڈیمز کو تیزی سے تیار کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جبکہ ملتان اسٹیڈیم کو بھی ایک مرکز کے طور پر دیکھ رہے۔