خوش باش لوگوں میں پاکستان نے ہند کو ایکبار پھر مات دیدی
نئی دہلی ..... پاکستان دنیا کے خوش باش لوگوں کے ملکوں کی فہرست میں کئی درجے اوپر آگیا ہے جبکہ ہندوستانی عوام کے بارے میں کہا گیا ہے کہ وہ ناخوش ہیں۔ایک عالمی رپورٹ کے مطابق 2017ءمیں اس فہرست میں ہند کی 4درجے تنزلی ہوئی تھی جبکہ 2018ءکی رپورٹ میں اس کی تنزلی مزید 11فیصد ہوچکی ہے۔ اب یہ 156ملکوں کی فہرست میں 133ویں نمبر پر ہے۔ اس کے مقابلے میں پاکستان جو پہلے ہی 2017ءکی رینکنگ میں ہند کے مقابلے میں آگے تھا 2018ءکے مقابلے میں بھی اور زیادہ خوش نظر آتا ہے۔ پچھلے سال کے مقابلے میں اسکی ترقی 5فیصد ہے جبکہ اب رینکنگ میں اسکا نمبر 75واں ہے۔ صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ ہندوستان کے تمام قریبی ہمسایہ ملک ہندوستانیوں سے زیادہ خوش باش ہیں۔ یہ بات بھی واضح رہے کہ ان میں سے کئی ممالک اقتصادی اور حتیٰ کہ سماجی طور پر ہند سے بہتر نہیں۔ خوش باش لوگوں کی سرزمین میں بنگلہ دیش، بھوٹان، نیپال اور سری لنکا ،ہندسے آگے ہیں حتی ٰ کہ چین بھی اس فہرست میں ہند کو مات دے گیا ہے۔ ورلڈ ہیپینس رپورٹ میں 156ممالک میں فن لینڈ کا نمبر اول ہے۔ اس رپورٹ میں لمبی عمر، سماجی رتبہ اور کرپشن میں کمی جیسی صورتحال کو سامنے رکھا جاتا ہے۔