Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایام حج میں بچوں کی نگہداشت کے مراکز مزید بہتر بنائے جائیں گے، ڈپٹی وزیر حج

مکہ مکرمہ.... وزارت حج و عمرہ نے محکمہ تعلیم کے اشتراک سے ایام حج میں داخلی حجاج کے بچوں کی نگہداشت کے لئے فراہم کی جانے والی نرسری کی سہولت کو مزید بہتر بنا نے کےلئے لائحہ عمل مرتب کیا ہے ۔ گزشتہ برس تجرباتی طور پر داخلی حجاج کے بچوں کی دیکھ بھال کے لئے نرسری مراکز قائم کئے گئے تھے جنہیں امسال مزید بہتربنایا جائے گا ۔ سبق نیوز کے مطابق حج 1439ھ کےلئے داخلی حجاج کے ہمراہ آنے والے بچوںکی نگہداشت اور دیکھ بھال کےلئے وزارت تعلیم کے تعاون سے تربیت یافتہ نرسری ٹیچروں کی خدمات حاصل کرنے کےلئے منعقدہ اجلاس میں اس بات پر غور کیا گیا کہ امسال خدمات کو کس طرح مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے ۔ اس ضمن میں ڈپٹی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط سے ریجنل ڈائریکٹر جنرل ادارہ تعلیم و تربیت محمد الحارثی اور دیگر عہدیداروں نے ملاقات کی اور انہیں گزشتہ برس حج سیزن کے دوران ادارہ تعلیم کی جانب سے پیش کی گئی خدمات سے مفصل طور پر آگاہ کیا گیا ۔ ڈپٹی وزیر حج نے گزشتہ برس ادارہ تعلیم کی جانب سے پیش کی گئی تجرباتی نرسری سینٹر کے حوالے سے پیش کی گئی رپورٹ کو سراہتے ہوئے اسے امسال بھی جاری رکھنے اور مزید بہتر بنانے کےلئے پیش کی جانے والی تجاویز پر غور کیا ۔ڈپٹی وزیر حج نے کہا کہ گزشتہ برس داخلی حجا ج کے ہمراہ آنے والے بچوں کی نگہداشت سے کافی سہولت ہوئی خاص کر چھوٹے بچوں کے والدین کو بیت اللہ کے طواف اور سعی کے موقع پر کافی آسانی ہوئی ۔ بچوں کو نگہداشت کے مراکز میں بھیجنے کے بعد والدین بغیر کسی پریشانی یا خوف کے آرام سے ارکان حج ادا کرتے ہیں ۔ امسال اس تجربے کو مزید وسعت دیتے ہوئے دائرہ عمل کو مزید بڑھایا جائے گا تاکہ زیادہ تعداد میں حجاج کرام مستفیض ہو سکیں اور ازدحام میں اپنے کم عمر بچوں کو نگہداشت کے مراکز کے حوالے کر کے مکمل اطمینان سے مناسک حج ادا کرسکیں ۔ 

شیئر: