مکہ مکرمہ ..... ریجنل بلدیہ کی تفتیشی ٹیموں نے حفظان صحت کی خلاف ورزیوں پر 4 ریستوران کو بند کر دیا ۔ سبق نیوز سے گفتگوکرتے ہوئے الشرائع بلدیہ کے نگران انجینئر فہد مرزوق نے بتایا کہ بلدیہ کے ادارے امور صحت کی تفتیشی ٹیموں کی جانب سے ہوٹلوں اور اشیائے خورونوش فروخت کرنے والی دکانوں کے معائنہ کے دوران 4 ریستوران پر حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر انہیں عارضی طور پر بند کرکے جرمانے عائد کئے گئے ۔ مرزوق کا کہنا تھا کہ بند کئے جانے والے ریستوران پر مرغیو ں کا گوشت اور دیگر اشیائے خورونوش کو انتہائی غیر مناسب طریقے سے اسٹور کیا گیا تھا جو انسانی صحت کےلئے مضر ثابت ہو سکتا تھا ۔ علاوہ ازیں مذکورہ ہوٹلوں میں صفائی کا بھی خیال نہیں رکھا گیا تھا جس پر انہیں عارضی طور پر بند کرکے مالکان پرجرمانہ عائد کر دیا گیا ۔ ریجنل نگران کا کہنا تھا کہ بلدیہ کے شعبے امور صحت کی جانب سے مقرر کی جانے والی تفتیشی ٹیمیں وقتافوقتا مختلف ہوٹلوں ، ریستوران اور اشیائے خورونوش کی دکانوں کا معائنہ کرتی رہتی ہیں ۔