الیکشن کمیشن نے فاروق ستار کو پارٹی سربراہی سے ہٹا دیا
اسلام آباد... الیکشن کمیشن نے فاروق ستار کو ایم کیو ایم پاکستان کی سربراہی سے ہٹا دیا ۔ الیکشن کمیشن نے ایم کیو ایم کی کنوینر شپ کے کیس کا محفوظ فیصلہ سنا دیا ۔ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے فاروق ستار کی قیادت میں ایم کیو ایم پاکستان کے انٹرا پارٹی انتخابات کو بھی کالعدم قرار دے دیا۔الیکشن کمیشن نے فاروق ستار کے اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن ایم کیو ایم پاکستان کی کنو ینرشپ سے متعلق سماعت کا اختیار رکھتا ہے۔ تفصیلی تحریری فیصلہ بعد میں سنایا جائے گا۔ فاروق ستار کو سربراہی سے ہٹانے کیلئے ایم کیو ایم بہادرآباد کے رہنما کنور نوید جمیل اور خالد مقبول صدیقی نے درخواستیں دائر کی تھیں۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد ایم کیو ایم بہادر آباد ہی اب ایم کیو ایم پاکستان ہوگی۔ ایم کیو ایم پی آئی بی کی کوئی قانونی حیثیت نہیں رہی۔دریں اثناءایم کیو ایم بہادر آباد گروپ کے رہنما علی رضا عابدی نے کہا ہے کہ ہمارے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے۔ الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار کو چیلنج کیا تھا ڈاکٹر فاروق ستار کو تجویز پیش کی جائے گی کہ فیصلے کو بھی چیلنج کیا جائے۔