مملکت پر حوثیوں کا میزائل حملہ انتہائی غیر انسانی فعل ہے ، مقامی اور عالمی سطح پر مذمت
ریاض .... حوثی باغیوں کی جانب سے مملکت پر میزائل حملوں کی ہر سطح پر مذمت کی جارہی ہے ۔ سعودی عرب کی جنرل علماءکونسل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے مملکت کے شہروں کونشانہ بنانا انتہائی گھناﺅنی کارروائی ہے۔ حوثی باغی اور انکے حلیفوں کی جانب سے مملکت کی شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا ہے جس سے انکے مذمو م عزائم واضح ہوجاتے ہیں ۔ شہری آبادی کو نشانہ بنانے سے حوثی اور انکے پشت پناہ ایرانی درحقیقت مملکت ہی نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر امن عامہ کو تباہ کرنے کے خواہاں ہیں ۔ مملکت پر کئے جانے والے میزائل حملوں سے حوثیوں اور ایران کی دہشتگردی سب پر واضح ہو گئی ہے ۔ ایرانی نظام ہی حوثیوں کو اسلحہ اور تربیت فراہم کر رہا ہے جس سے خطے کے امن کو شدید خطرات لاحق ہیں ۔ سعودی علماءجنرل کونسل کی جانب سے اسلامی ممالک اور بین الاقوامی اسلامی فورمز کے علماءکو مخاطب کرکے کہا گیا ہے کہ اس ایران نواز حوثیوں کی مذموم کارروائی اب سب کے سامنے آچکی ہے ۔ شہری آبادی پر میزائل حملے انسانیت کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہمیں سعودی افواج اور شاہی فضائیہ کی صلاحیتوں پر پورا بھروسہ ہے کہ وہ ہر طرح سے مملکت کی سرحدوں کے محافظ ہیں ۔ سعودی عرب میں مثالی امن و امان یہاں کے قائدین کی اولین ترجیح ہے ۔ دوسری جانب مصر کی معروف جامعہ الازھر کی جانب سے جاری بیان میں مملکت پر حوثیوں کے میزائل حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مملکت کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ۔ جامعہ الازھر کے ٹویٹر اکاﺅنٹ پر جاری بیا ن میں مزید کہا گیا ہے حوثیوں نے ریاض ، نجران ، جیزان اور خمیس مشیط پر جو میزائل داغے جن میں ایک مصر ی شہری جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوئے کی ہر سطح پر مذمت کرتے ہوئے اسے غیر انسانی فعل قرار دیتے ہیں ۔ بیان میں جا ں بحق ہونے والے مصری کے لواحقین سے بھی اظہار تعزیت کیا گیا ۔ جامعہ الازھر کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت اور عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔ بحرین کی جانب سے بھی مملکت پر داغے جانے والے میزائل حملے کی بھر پور مذمت کی گئی ۔ اس ضمن میں شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ نے خادم حرمین شریفین کو ٹیلی فون کرکے ان سے میزائل حملے پر اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے حوثی باغیوں کی اس کارروائی کو انتہائی گھٹیا اور بزدلانہ قرار دیا ۔ شاہ حمد بن عیسی نے مزید کہا ہے کہ بحرین ہر طرح سے مملکت کے ساتھ کھڑا ہے ۔ سعودی عرب کی سلامتی اور استحکام خطے کےلئے انتہائی اہم ہے ۔ دریں اثناءمتحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ ڈاکٹر انور قرقاش نے مملکت پر میزائل حملو ںکی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کی کارروائیوں کی ہر سطح پر بھرپور مذمت کرتے ہیں ۔ حوثیوں کی جانب سے میزائل حملے اس بات کی دلیل ہیں کہ ان حملوں کی پشت پر ایران ہے کیونکہ جو میزائل ریاض اور نجران پر داغے گئے ہیں وہ ایرانی ساختہ ہیں ۔ ہمارا مستقبل ریاض کے ساتھ جڑا ہوا ہے جبکہ ہمارا ہدف خطے میں مستقل قیام امن ہے جس کےلئے کوشاں ہیں مگر ایران کی جانب سے مسلسل ان کوششوں کو سبو تاژ کیا جارہا ہے ۔ اسلامک آرگنائزیشن برائے ثقافت وٹیکنالوجی (ISESCO) کی جانب سے بھی حوثی میزائل حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت سوز قرار دیا ۔آرگنائزیشن کی جانب سے حوثیوں کے میزائل حملے پر مملکت کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آرگنائزیشن ہر قدم پر مملکت کے ساتھ کھڑی ہے ۔ حوثی اور انکے حلیفوں کی جانب سے اس قسم کی کارروائیاں خطے کے مستقل امن کےلئے انتہائی خطرناک ہیں جنہیں فوری طور پرروکنا ہوگا اس ضمن میں عالمی تنظیمیں اپنا کردار ادا کریں ۔