نیشنل ایڈریس رجسٹرنہ کرانے پر بینک اکاﺅنٹ منجمد نہیں کئے جائینگے ، بینکنگ کونسل
عنوان الوطنی کی رجسٹریشن کےلئے ویب سائٹ اور ٹول فری نمبر کی سہولت کے علاوہ پوسٹ آفس سے بھی رجوع کیاجاسکتا ہے ، 14 اپریل تک رجسٹرکرانا لازمی ہے ، بینک انتظامیہ
ریاض ( ارسلان ہاشمی ) سعودی بینکنگ کونسل کا کہنا ہے کہ نیشنل ایڈریس میں رجسٹریشن نہ کروانے پر بینک اکاﺅنٹ منجمد نہیں کئے جائیں گے ۔ بینکوں کی جانب سے نیشنل ایڈریس رجسٹر کرنے کےلئے مختلف اختیارات دیئے گئے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق مملکت کے تمام شہروں میں ہر گھر کو نمبر الاٹ کئے گئے ہیں ۔ یہی نمبر نیشنل ایڈریس کہلاتے ہیں ۔ گھروں کے باہر درج نمبر میں پہلا نمبر شہر کا دوسرا ڈسٹرکٹ اور تیسرا اور چوتھا محلے اور گلی کا تعین کرتا ہے ۔ پہلی پلیٹ جو کہ سبز رنگ کی ہے کے ساتھ نیلے رنگ کی دوسری پلیٹ پرایک اور نمبر درج ہے جو مکان کی نشاندہی کرتا ہے ۔ اس حوالے سے بینکوں کی جانب سے ہدایت کی جار ہی ہے کہ جلد از جلد اپنے بینک اکاﺅنٹ کو نیشنل ایڈریس سے منسلک کر لیں ۔ نیشنل ایڈریس رجسٹرکرنے کےلئے کسی بھی پوسٹ آفس سے رجوع کیا جاسکتا ہے ۔ بینک کی جانب سے صارفین کو متعدد اختیارات دیئے گئے ہیں جن میں پہلی چوائس ٹول فری ٹیلی فون کی ہے جس کانمبر 920005700 ہے۔ دوسرا آپشن ویب سائٹ https://register.address.gov.sa ہے ۔ ریاض اخبار کے مطابق کونسل کے شعبہ ابلاغ عامہ کی جانب سے نیشنل ایڈریس کی رجسٹریشن کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائر ل ہونے والی وڈیو میں کہا جارہا ہے کہ مملکت میں نیشنل ایڈریس کی رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے ۔ رجسٹریشن نہ کرانے والے کے بینک اکاﺅنٹ14 اپریل 2018 کو منجمد کر دیئے جائیں گے ۔ سوشل میڈیا پر وائر ل ہونے والی وڈیو کے حوالے سے بینکنگ کونسل کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی بینکنگ کی جانب سے ایسا کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ اکاﺅنٹ مقررہ تاریخ میں سیز کردیئے جائیںگے ۔ نیشنل ایڈریس کی رجسٹریشن لازمی ہے تاہم اکاﺅنٹ سیز کرنے کے حوالے سے کسی بینک کی جانب سے کوئی سرکلر جاری نہیں کیا گیا ۔ واضح رہے قومی منصوبے کے تحت مملکت میں مقیم اور مقامی ہر ایک کو جس کا بینک اکاﺅنٹ ہے اسے اپنے گھر کا ایڈریس سعودی پوسٹ کی ویب سائٹ پر رجسٹر کروانا ضروری ہے ۔ گھر کا ایڈریس رجسٹر کرنے کے لئے کسی بھی پوسٹ آفس سے رجوع کیا جاسکتا ہے یا سعودی پوسٹ کی ویب سائٹ پر اپنے مکان کا نمبر اور دیگر معلومات اپ لوڈ کی جاسکتی ہیں ۔ پوسٹ آفس جانے سے قبل مکان کے باہر لگائے گئے نمبر لکھ لیں ۔سعودی پوسٹ کی ویب سائٹ پر مکان کا نمبر معلوم کرنے کی سہولت بھی دی گئی ہے جسے لوکیشن کے ذریعے معلوم کیا جاسکتا ہے ۔ ابتدائی طور پر نیشنل ایڈریس کی رجسٹریشن گاڑیوں کی انشورنس کےلئے لازمی ہے جن افراد نے نیشنل ایڈریس رجسٹر نہیں کرایا انہیں تھرڈ پارٹی انشورنس بنوانے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ سعودی پوسٹ کے ذمہ دار کا کہنا ہے کہ جن افراد نے نیشنل ایڈریس ویب سائٹ پر اپ ڈیٹ کیا ہے وہ 24 گھنٹے بعد انکے سسٹم سے لنک ہو جاتا ہے اس لئے پوسٹ آفس آنے کی ضرورت نہیں ۔