Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

معمر مصری خاتون کو عمرے کا جھانسہ دیکر منشیات اسمگل کرانے والا گرفتار

قاہرہ .... مصری پولیس نے دھوکہ دے کر معمر خاتون کے ذریعے مملکت منشیات اسمگل کرانے والے اصل ملزم کو گرفتار کر لیا ۔ جدہ ایئر پورٹ پر معمر معتمر خاتون کے سامان سے نشہ آور گولیاں برآمد ہونے پر اسے گرفتار کر لیا گیا تھا ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ مصر سے آنے والی ایک 70 سالہ خاتون کے سامان سے بڑی مقدار میں نشہ آور گولیاں برآمد ہونے پر ادارہ انسداد منشیات نے تحقیقات کی تو معلوم ہوا کہ کہانی تو بڑی الجھی ہوئی ہے ۔ خاتون نے کسٹم اہلکاروں کو بتایا کہ اسے تومعلوم ہی نہیں تھا کہ جس نے اس کے عمرہ کا بندوبست کیا ہے وہ اس سے یہ کام لینا چاہتا ہے ۔ سعدیہ نامی معمر خاتون مصر کی کمشنری الدقہلیہ کی رہائشی تھی نے مزید بتایا کہ اس کی پڑوسن ایک دن اسکے پاس آئی اور اس سے کہا کہ میرے بھائی نے خواب میں دیکھا ہے کہ وہ تمہارے ساتھ عمرہ پر گیا ہے ۔ پڑوسن نے اسے مزید کہا کہ بھائی کا کہنا ہے کہ وہ ثواب کے لئے تمہیں عمرے پر لے جائے گا جس کے تمام تراخراجات وہ خود ہی برداشت کرے گا ۔ پڑوسن نے مزید کہا کہ اس کا کسی سے ذکر نہ کرنا ۔ سعدیہ نے مزید بتایا کہ اس نے پاسپورٹ بنوا لیا جب سفر کا دن آیا تو پڑوسن کے بھائی نے اسے ایک سفری بیگ دیتے ہوئے کہا کہ میں بعض مجبور ی کی وجہ سے نہیں جا سکتا آپ یہ بیگ لو اسے سعودی عرب میں میرے دوست کو دے دینا ۔ غریب سعدیہ کےلئے یہ بھی بہت تھا کہ اسکا عمرے کا بندوبست ہو گیا ہے ۔ جدہ ایئر پورٹ پر اس بیگ کے خفیہ خانوں سے منشیات برآمد ہونے پر اسے گرفتار کر لیا گیا ۔ معمر خاتون نے تمام واقعہ محکمہ انسداد منشیات کے اہلکاروں بتایا جنہوں نے خاتون کے اہل خانہ سے رابطہ کرکے اس کی تصدیق کی ۔ دوسری جانب خاتون کے اہل خانہ کو جب حقیقت حال معلوم ہوئی تو انہوں نے ملزم کے خلاف پرچہ درج کروایا مگر وہ گرفتار ی سے قبل ہی روپوش ہو گیا ۔ مصری پولیس نے ملزم کو تلاش کر کے بالاخر اسے گرفتا رکر لیا جس سے تفتیش جاری ہے ۔ 

شیئر: