موصل میں جھڑپوں سے 5ہزار افراد معذور ہوئے
اقوام متحدہ ..... اقوام متحدہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عراق کے شہر موصل میں جاری جھڑپوں کے نتیجہ میں 5 ہزار افراد معذور ہو چکے ہیں۔ اقوام متحدہ کے عراق مشن کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ ملک کے قومی صحت کے اعداد و شمار کے مطابق موصل میں ہونے والی جھڑپوں میں تقریباً 4 ہزار 800 سو سے زیادہ افراد اپنے بعض اعضاءسے محروم ہو گئے ہیں۔ ان افراد کو معیاری زندگی گزارنے کا موقع فراہم کرنے کیلئے ان کو فی الفور طبی امداد دینے کی ضرورت ہے۔ اٹلی کے تعاون سے موصل شہر سے منسلک ہمدانیہ تحصیل میں جنگ سے متاثرہ افراد کیلئے ایک ری ہیبلیٹیشن مرکز قائم کئے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ صحت کی عالمی تنظیم کا کہنا ہے کہ اس مرکز میں متاثرین کا طبی اور نفسیاتی علاج معالجہ کیا جائے گا۔