الباحہ.... ریجنل ہلال الاحمر کا کہنا ہے کہ موسمی تبدیلیوں کے پیش نظر شہری اور مقیمین ہائی وے پر سفر کرنے میں احتیاط برتیں ۔ ہلال الاحمر کے ریجنل ترجمان عماد الزھرانی نے سبق نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مملکت کے تمام علاقوں میں موسم تبدیل ہو رہا ہے ۔ بعض علاقوں میں بارش جبکہ کہیں گردو غبار کا طوفان جاری ہے ۔ موسمی تبدیلی کے پیش نظر شہری دفاع نے ریجن میں خصوصی احتیاطی تدابیراختیار کی ہیں جبکہ ریجن میں ہنگامی امداد سے نمٹنے کےلئے 14 سینٹر بھی قائم کئے ہیں ۔ کسی بھی ہنگامی حالت کےلئے 997 پر رابطہ کر کے امداد حاصل کی جاسکتی ہے ۔ اس ضمن میں شہری دفاع کا کہنا ہے کہ بارش کے دوران نشیبی علاقوں میں قیام نہ کریں اور نہ ایسی جگہ جائیں جہاں پانی کا بہاﺅتیز ہو ۔ شہری اورمقیم غیر ملکی سلامتی کے اصولوں کو مدنظر رکھیں تاکہ کسی مشکل میں مبتلا نہ ہوں ۔