ویرات کوہلی ہندوستان کو ورلڈ چیمپیئن بنا سکتے ہیں، گنگولی
ممبئی:سابق کرکٹ کپتان سورو گنگولی کا کہنا ہے کہ اگر ہندوستانی ٹیم ویرات کوہلی کی قیادت 2019 کا ورلڈ کپ جیتی تو انہیں کوئی حیرت نہیں ہوگی کیونکہ کوہلی اس وقت ٹیم کے فتح گر کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوہلی بہت فٹ ہیں اور یہی ان کی سب سے بڑی خوبی ہے کیونکہ دور حاضر کی کرکٹ مکمل فٹ کرکٹرز کا کھیل ہے ، اگر آپ فٹ ہیں تو آپ کا کھیل بھی زبردست ہوگا ۔ ویرات کوہلی نے اس سلسلے میں ہندوستانی ٹیم کا کلچر بھی تبدیل کردیا ہے ۔سابق کپتان نے موجود کپتان کی قیادت کو بھی سراہا اور کہا کہ ان کی کپتانی اور دلیری سے بیٹنگ کی بدولت ٹیم انگلینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف اس سال ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں نمایاں کارکردگی دکھائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ویرات 2014کے انگلینڈ دورے کے دوران آوٹ آف فارم تھے اور بیٹنگ میں مسلسل جدوجہد کررہے تھے لیکن اگلے 6 ماہ کے اندر انہوں نے آسٹریلیا میں 4 سنچریاں اسکور کیں اور میں نے آج تک کسی ہندوستانی بیٹسمین کو آسٹریلیا میں اتنا اچھا کھیلتے نہیں دیکھا۔ ٹنڈولکر، دراوڑ، لکشمن اور مجھ سمیت کئی بیٹسمینوں نے آسٹریلیا میں سنچریاں بنائیں لیکن کوہلی نے جس طرح سے بیٹنگ کی وہ بے مثال تھی۔ گنگولی نے کہا کہ کوہلی کا کمال یہ ہے کہ انہوں نے اپنی کپتانی کو بیٹنگ پر اثر انداز نہیں ہونے دیا اور ان کے ریکارڈ اس بات کا ثبوت ہیں۔