Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شام میں کیمیائی حملہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے،سعودی کابینہ

ریاض.... خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت میں ریاض کے قصر الیمامہ میں کابینہ کا اجلاس ہوا۔سعودی وزارت داخلہ اور ہندوستان کے درمیان سائبر کرائم کے انسداد کیلئے تعاون کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے وزیر داخلہ یا انکے نائب کو ہندوستانی وزارت داخلہ کے ساتھ اس حوالے سے یادداشت پر دستخط کا اختیار تفوض کیا۔کابینہ اجلاس میں مسجد اقصیٰ کیخلاف اسرائیلی کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ کابینہ نے مسئلہ فلسطین کے حوالے سے اپنے ٹھوس موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب قضیہ فلسطین اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق دلوانے کا نہ صرف داعی ہے بلکہ فلسطینیوں کی آزاد ریاست جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو اسکے لئے سعی کرتا ہے۔کابینہ نے مشرقی غوطہ کے شہر دوما پر کیمیائی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ کابینہ نے کہا کہ نہتے شامی عوام پرکیمیائی حملہ عالمی انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔عالمی برادری کو اس حوالے سے ٹھوس موقف اختیار کرنا چاہئے۔جرمنی میں راہگیروں کو کچلنے کے واقعہ کو انتہائی افسوسناک قرار دیا گیا اور کہا گیا کہ سعودی عرب حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتا ہے۔سعودی کابینہ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی حکومت کاولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی بہترین میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ولی عہد کا شاندار استقبال اور کامیاب دورہ دونوں برادر ممالک کے گہرے تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ ولی عہد کے دورہ فرانس کی کامیابی اور اس سے مطلوبہ نتائج کے حصول کی امید ظاہر کی۔کابینہ نے خطے کو درپیش تازہ ترین صورتحال کا جائزہ بھی لیا۔ بین الاقوامی سطح پر پیش آنے والے حالات کا بھی گہرائی سے مطالعہ کیا گیا۔ کابینہ نے سلامتی کونسل میں سعودی عرب کی طرف سے پیش کی جانے والی قرارداد کی حمایت کی جس میں سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا گیا کہ بین الاقوامی سمندر میں تیل لیجانے والے بحری جہازپر حملے کی عالمی سطح پرمذمت کی جائے او راس حوالے سے اقدامات کرتے ہوئے تجارتی سمندری گزر گاہ کو محفوظ کیا جائے۔کابینہ نے وزارت محنت و سماجی فروغ کی سفارش پر کینیا سے گھریلو عملہ درآمد کرنے کی منظوری دیدی۔ وزیر تجارت و سرمایہ کاری کی سفارش اور مجلس شوریٰ کے فیصلے کا جائزہ لینے کے بعد کابینہ نے سجل تجاری (چیمبر آف کامرس میں تجارتی رجسٹریشن) میں تبدیلی کے علاوہ کمپنیوں کے نظام کی بعض دفعات میں ترمیم کی منظوری دیدی۔

شیئر: