Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسکاٹ لینڈ میں گھاس پھوس سے تیار مکان

    مورن ہلز، اسکاٹ لینڈ- - - - شاید آپ کو یقین نہ آئے لیکن جدت پسندی کی کوئی انتہا نہیں ہوتی ۔ اس حوالے سے لوگوں کو یہ جان کر ایسی حیرت ہوسکتی ہے جس میں انکی مسرت بھی چھپی ہوئی ہو۔ تفصیلات کے مطابق یہاں ایک جدت پسند خاندان نے گھاس پھوس کی مدد سے ایسا شاندار مکان تیار کرلیا ہے جس کو دیکھ کر قرون وسطی کے مکان کی یاد آجاتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق فورٹ ولیم کے قریب  اسٹرون ٹین نامی جگہ کے ایک ٹیلے پر انتہائی عالیشان اور پر تعیش مکان تعمیر کردیا گیا ہے۔ جو مکمل طورپر گھاس پھوس سے تیار کیا گیا ہے اور اسے بنانے میں گھاس پھوس کی 500گانٹھیں استعمال کی گئی ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ بظاہر یہ مکان گھاس پھوس کا ہے مگر عام مکانوں کے مقابلے میں بہت مضبوط اور مستحکم ہے۔ مکان میں شیشے کے دروازے لگے ہوئے ہیں اور کھڑکیاں بھی شیشے کی بنائی گئی ہیں جن سے اندر آنے والے افراد بیرونی مناظر کو بڑی تفصیل اور آرام سے دیکھ سکتے ہیں۔ مکان دیکھنے والوں کی رائے یہ ہے کہ بنیادی طور پر یہ مکان تعطیلات گزارنے کیلئے بہترین ہے۔ اسکے اندر ایک گرم پانی کا حوض بھی ہے اور چمنی کے نیچے بیٹھنے کی جگہ بنائی گئی ہے۔اس کی تعمیر اور تیاری میں پیش پیش رہنے والے پراپرٹی ڈیلر نے اس مکان کو’’ جل اسٹرابیل ہاؤس‘‘ کا نام دیا ہے۔ مکان کے اندر 2مائیکرو ہائیڈرو جنریٹر لگے ہیں۔ اسکے علاوہ یہ سہولت بھی رکھی گئی ہے کہ اس مکان کے  اندر لوگ خود ہی حسب ضرورت بجلی کو ری سائیکل کرکے نئی بجلی پیدا کرسکتے ہیں۔ تاہم اس مکان تک پہنچنے کیلئے صرف سرکاری بسیں استعمال ہوسکتی ہیں۔ جس ٹیلے پر یہ مکان بنا  ہے  اسکے مالکان رابرٹ اور جسٹن ڈن ہیں۔ جنہوں نے  مکان کے عقبی حصے میں ایک خوبصورت باغ بھی بنا رکھا ہے جبکہ پہلے سے کچھ درخت بھی وہاں پر موجود ہیں جنہوں نے مل جل کر ماحول کو زیادہ دلفریب بنادیا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ گھاس پھوس کی مدد سے اس مکان کی تیاری میں 15برس لگے ہیں۔تازہ ترین اطلاعات کے مطابق یہ مکان کرائے کے لئے حاضر ہے اور ایک ہفتے کا کرایہ 813پونڈ مقرر کیا گیا ہے۔ مہمانوں کے رہنے کیلئے 2بیڈ روم ہیں جن میں 5سے 6افراد کے رہنے کی گنجائش ہے۔
مزید پڑھیں:- - - -10فٹ لمبی وہیل پلاسٹک کھا کر ہلاک

شیئر: