29ویں عرب سربراہ کانفرنس آج ہوگی، شاہ سلمان سربراہی کرینگے
الخبر..... خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سربراہی میں آج اتوار کو ظہران میں 29ویں عرب سربراہ کانفرنس شروع ہوگی۔ کانفرنس میں شرکت کیلئے عرب ممالک کے سربراہان ظہران پہنچ چکے ہیں۔سربراہ کانفرنس کا بنیادی ایجنڈامسئلہ فلسطین اور بیت المقدس کی عربی اور اسلامی شناخت کی برقراری ہے۔ قبل ازیں ریاض میں عرب وزرائے خارجہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزرائے خارجہ نے فلسطینی سرزمین پر آزاد ریاست کے قیام پر زور دیا اور 1976ءکی حدود کی بحالی اور بیت المقدس کو فلسطینی ریاست کا دارالحکومت بنانے کے اصولی مطالبے کا اعادہ کیا۔ عرب اسرائیلی تنازع کے حل کیلئے عرب ممالک کی تجویز کا احیاءکرتے ہوئے تل ابیب سے بیت المقدس سفارتخانہ منتقل کرنے کے امریکی فیصلے کو مستر د کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔ عرب وزرائے خارجہ نے زو ردیا کہ مشرقی بیت المقدس، فلسطینی ریاست کا تاریخی دارالحکومت ہے۔ اس پر کسی قسم کی لچک کا مظاہرہ نہیں کیا جاسکتا۔ فلسطینی ریاست کے مالی بحران کا مقابلہ کرنے کیلئے 100ملین ڈالر کے فنڈ کی تجویز دی۔ دوسری جانب و زارت ثقافت و اطلاعات نے عرب سربراہ کانفرنس کی میڈیا کوریج کیلئے میڈیا سینٹر قائم کیا ہے۔ وزارت اطلاعات میں تعلقات عامہ کے سربراہ خالد مطاعن نے بتایا کہ میڈیا سینٹرمیں کمپیوٹر ، انٹرنیٹ ، فیکس او ردیگر وسائل اتصالات کے علاوہ کانفرنس کی کارروائی براہ راست دیکھنے کیلئے ٹی وی اسکرین بھی نصب کردی گئی ہے۔ میڈیا سینٹر میں کام کرنے والے عالمی وسائل اطلاعات کے نمائندوں کو تمام سہولتیں فراہم کرنے کیلئے نوجوانوں کا تقرر کیا گیا ہے۔ عرب سربراہ کانفرنس کی کوریج کیلئے اب تک 618رپورٹر اور میڈیا کے نمائندوں کی رجسٹریشن ہوچکی ہے۔