مکہ: 3 ننھی بیٹیوں کے سر تن سے جدا کرنے والا شہری گرفتار
مکہ مکرمہ.... مکہ مکرمہ کے الملاوی محلے میں مقامی شہری نے 3 ننھی منی بیٹیوں کے سر تن سے جدا کردیئے۔ بچیوں کی عمریں 3 ، 5 اور 6 برس تھیں۔ ماں بچیوں کے گلوں پر چھری پھیرتے وقت رحم کی بھیک مانگتی رہی۔ روتی، چیختی چلاتی اور مدد طلب کرتی رہی بالآخر ہوش و حواس گم کر بیٹھی۔ واقعہ کی اطلاع نے پورے محلے میں رنج و غم کی لہر دوڑا دی۔تفصیلات کے مطابق باپ جو عمر کے تیسرے عشرے میں ہے، دھاردار آلہ ہاتھ میں لے کر گھر پہنچا تھا اور اس نے یکے بعد دیگرے تینوں بیٹیوں کے سر تن سے جدا کردیئے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مقامی شہری جس وقت واردات کرکے گھر سے نکلا تو اس پر کسی طرح کا افسوس یا دکھ کا کوئی اثر نہیں تھا۔ خون اس کے کپڑوں پر جگہ جگہ لگا ہوا تھا۔ ایک راہگیر نے ماں کے چیخنے چلانے کی آواز سن کر پولیس سینٹر کو فون کیا ۔ گشتی فورس فوراً ہی جائے وقوعہ پہنچ گئی اور اس نے واردات کرکے گھر سے باہر آنے والے باپ کو گرفتا رکرلیا۔ پولیس کے متعلقہ اداروں نے واردات کے حوالے سے قانونی کارروائی شروع کردی۔