اصل فلم 2018 کے الیکشن میں چلے گی،گیلانی
ملتان...سابق وزیراعظم اور پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما یوسف گیلانی نے کہا کہ سینیٹ انتخابات ٹریلر تھے اصل فلم 2018 کے الیکشن میں چلے گی ۔اگلا الیکشن پیپلز پارٹی ہی جیتے گی ۔ ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ این آر او کا سب سے بڑا شکار میں بیٹھا ہوں ۔گیلانی نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں احساس محرومی تھی۔ ا سے دور کرنے کے لئے اٹھارویں ترمیم پیش کی۔سرائیکی صوبہ کے لئے شاہ محمود قریشی نے ہمیں ووٹ دیا۔تمام پارٹیوں نے مجھے سپورٹ کیا تھا ۔ صوبے کے لئے آئین سازی کر لی تھی۔ پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کی تمام محرومیوں کا ازالہ کرے گی۔جنوبی پنجاب کا سیاست میں ہمیشہ اہم رول رہا ہے۔پیپلز پارٹی نے جنوبی پنجاب سے وزراءبنائے ۔پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کو اہمیت دیتی ہے۔ تمام جماعتیں ہمیں فالو کر رہی ہیں۔پیپلز پارٹی دور میں 30 فیصد فنڈ جنوبی پنجاب پر لگائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ جو پارٹیاں بدلتے ہیں ان کا کوئی مستقبل نہیں ہوتا۔سیاست دان کا کام خدمت ہے وہ حکومت میں بھی کی جا سکتی ہے اور اپوزیشن میں بھی۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اب صوبے زیادہ با اختیار ہیں۔ گیلانی نے کہا کہ پارٹی نے کہا تو انتخابات میں حصہ لوں گا۔