سعودی عرب میں نائیکوپ کی فیسوں میں اضافہ نہیں کمی کی ہے
ایگزیکٹو کارڈ 225 کے بجائے 140 ریال جبکہ نارمل کی فیس 94 سے کم کرکے 65 ریال کی، محمد منظور
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) پاکستان قونصلیٹ شعبہ نادراکے منیجر محمد منظور کا کہنا ہے کہ مملکت میں مقیم ہم وطنوں کیلئے نائیکوپ کی فیس میں اضافہ نہیں بلکہ 31 فیصد سے زائدکمی کی گئی ہے ۔اردونیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں نادرا کارڈ کی تیاری پر حکومت کی جانب سے سبسڈی ملتی تھی جو ختم ہونے کے بعد پاکستان میں کارڈ کی فیسوں میں اضافہ کیا گیا ہے ۔
نادرا کی جانب سے بیرون ملک مقیم پاکبانوں کیلئے اے اور بی کیٹگری مقرر کی ہیں ۔ سعودی عرب کا شمار بی کیٹگری میں ہوتا ہے ۔یہاں مقیم پاکستانیوں کیلئے حکومت پاکستان کی جانب سے نائیکوپ فیسوں میں اضافہ نہیں کمی کی گئی ہے ۔ قبل ازیں نائیکوپ نارمل کی فیس 94 ریال تھی جو اب 65 ریال کر دی گئی ہے ۔ ارجنٹ کارڈ بنوانے کی فیس 132 ریال ہوتی تھی ،اب 100ریال میں بنایا جاتا ہے جبکہ ایگزیکٹو کارڈ کیلئے 225 ریال مقرر تھے جسے کم کرکے 140 ریال کر دیا گیا ہے ۔
مینیجر نادرا محمد منظور نے مزید بتایا کہ سعودی عرب میں مقیم ہم وطنوں کے لئے اسمارٹ نائیکوپ کارڈ کی فیسوں میں بھی کمی کی گئی ہے ۔ تینوں کیٹگری نئے کارڈ کے اجرا اور تجدید یا ترمیم کیلئے یہی فیس مقرر کی ہے ۔ نارمل اسمارٹ کارڈ جس کی فیس 135 ریال تھی ،وہ اب کم کرکے 75 ریال جبکہ ارجنٹ اسمارٹ کارڈ 165 سے کم کرکے 115 کردیا گیا ہے ۔ پہلی بار اسمار ٹ کارڈ بنوانے کیلئے فیس 190 ریال تھی جسے کم کرکے 150 ریال کر دیا گیا ہے ۔ ایگزیکٹو اسمارٹ نائیکوپ کی تجدید یا اس میں تبدیلی کیلئے فیس 310 ریال تھی جسے کم کرکے اب 150 ریال کر دیا گیا ہے ۔
واضح رہے حکومت پاکستا ن کی جانب سے نادرا کارڈ کے لئے معیاری پرنٹنگ کارڈ بورڈ کا استعمال شروع کیا گیا ہے جس کے سبب پاکستان میں کارڈ کی فیسوں میں اضافہ کیا جبکہ حکومت کی جانب سے ملنے والی سبسڈی ختم ہو نے کی وجہ سے اضافہ نادرا کارڈ کی فیسوں میں کیا گیا ہے بیرون ملک مقیم تارکین کیلئے نائیکوپ کی فیسوں میں کمی کی گئی ہے ۔ نادرا کی جانب سے مختلف ممالک کیلئے فیسوں کی جدا جدا درجہ بندی کی گئی ہے جس میں امریکہ اور یورپ کے لئے ایگزیکیٹو کارڈ کی فیس 50 پونڈ
جبکہ اسمارٹ ایگزیکیٹو کارڈ کے فیس 55 پونڈ مقرر کی گئی ہے جبکہ نارم کارڈ کی فیس 26 اور نارمل ایگزیکیٹوکارڈ کی فیس 30 پونڈ مقرر ہے ۔ دبئی میں رہنے والے تارکین کیلئے نائیکوپ کی فیس 65 سے 150 درہم مقرر کی گئی ہے جن میں نارمل ، ارجنٹ اور ایگزیکٹو کارڈ کے علاوہ اسمارٹ ایگزیکٹوکار ڈ شامل ہیں ۔قطر میں رہنے والوں کیلئے فیس 65، 100اور 135 قطری ریال مقرر کئے گئے ہیں ۔