Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ولی عہد، عظیم المرتبت شیخ کے گھر میں

احمد الرضیمان ۔ الوطن
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سعودی عرب کے عظیم المرتبت عالم شیخ صالح الفوزان کے گھر عیادت کیلئے پہنچ گئے۔ الفوزان حق پر ثابت قدم رہنے والے بلند پایہ عالم اور پہاڑوں کی طرح ثابت قدم رہنے والی شخصیت کے مالک ہیں۔ لوگ بدل جاتے ہیں، مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہیںمگر شیخ الفوران حق پر ثابت قدم رہنے والے عالم دین ہیں۔ یہ شیخ ابن باز اور شیخ ابن عثیمین رحمتہ اللہ علیہما کے دوست تھے۔ ولی عہد اپنے ہمراہ روشن دماغ عالم دین اور اسلامی امور کے وزیر شیخ صالح آل الشیخ کو اپنے ہمراہ لیکر گئے تھے۔ ہمارے قائدین کا علمائے دین کی چوکھٹ پر حاضر ہونا انوکھی بات نہیں۔ عوام اس حاضری کی خبر سن کر خوش ہوئے۔ اسکا اظہار سوشل میڈیا پر وڈیو کلپ پھیلا کر کیا۔ انہوں نے ولی عہد کیلئے کامیابی کی دعائیں بھی کیں۔ 
ولی عہد کی اس ملاقات پر میں چند باتیں کہنا چاہتا ہوں۔ پہلی بات تو وہ ہے جسکا اظہار میں اپنے کالموں میں اکثر و بیشتر مملکت کے تشخص کے غیر متزلز ل ہونے کے حوالے سے کرتا رہا ہوں۔ دین کی نصرت اور اعلیٰ درجے کے علماءکی عزت اور ملک و قوم کے مفاد میں کام کرنا سعودی قائدین کی پہچان ہے۔ بانی مملکت شاہ عبدالعزیز رحمتہ اللہ علیہ نے اپنے بیٹے شاہ سعود کو ولی عہدبناتے وقت وصیت کی تھی کہ ” میں تمہیں علمائے اسلام کے ساتھ بھلائی کی وصیت کرتا ہوں۔ علماءکے اعزاز و اکرام ، انکی مجلسوں میں حاضری اور انکے مشوروں کو سنجیدگی سے لینے کا دھیان رکھنا“۔ اس تناظر میں کوئی بھی شخص ولی عہد کی مبینہ ملاقات پر چہ میگوئی کا مجازنہیں رہ جاتا۔
دوسری بات میں یہ کہنا چاہوں گا کہ ریاستی امور کی مصروفیت اور بے شمار ذمہ داریوں کے باوجود ولی عہد بلند پایہ عالم دین سے ملاقات کیلئے گئے۔ وہ کابینہ کے اجلاس میں شرکت کے بعد آرام کرسکتے تھے مگر نہیں کیابلکہ اپنے ہمراہ آل شیخ کو لیکر ان سے ملنے کیلئے ان کے گھر پہنچ گئے۔ وہ شیخ کو بھی ملاقات کیلئے اپنے یہاں طلب کرسکتے تھے لیکن ایسا نہیں کیا۔
تیسری بات یہ ہے کہ ولی عہد کا عظیم المرتبت عالم سے ملاقات کیلئے جانا سعودی قائدین کے خلاف فتنہ انگیزی اور بدی کا پرچار کرنے والے چینلز کے گھناﺅنے پروپیگنڈے کا عملی جواب ہے۔
چوتھی بات میں یہ عرض کرنا چاہوں گا کہ ولی عہد نے ملاقات کیلئے ہمراہی کے انتخاب میں بھی فراست کا مظاہرہ کیا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان کے ہم نشین کس درجے اور کس رتبے کے لوگ ہیں۔
پانچویں اور آخری بات یہ عرض کرنا چاہوں گا کہ ولی عہد نے انتہائی تواضع اور انکساری کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے شیخ الفوزان کو مخاطب کرتے ہوئے جو لہجہ اور زبان استعمال کی وہ اپنی جگہ روشن مثال ہے۔ عصر حاضر میں اسکی نظیر نہیں ملتی۔
٭٭٭٭٭٭٭٭

شیئر: