شکیل آفریدی کو فرار کرانے کا امریکی منصوبہ ناکام؟
پشاور... امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے نے پشاور میں جیل سے ڈاکٹر شکیل آفریدی کو فرار کرانے کا منصوبہ بنایا تھا لیکن آئی ایس آئی نے اپنے ذرائع سے اطلاع ملنے پر منصوبہ ناکام بنادیا ۔ شکیل آفریدی کوپشاور کی سینٹرل جیل سے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ۔روس کے خبررساں ادارے نے رپورٹ میں دعوی کیا کہ سی آئی اے کے مقامی مخبر سے منصوبے کا پتہ چلا تھا ۔ آئی ایس آئی کی طرف سے فوری جوابی کارروائی پر منصوبہ ناکام ہوگیا ۔ واضح رہے کہ شکیل آفریدی پر الزام ہے کہ وہ سی آئی اے کے لئے کام کرتا تھا اور اسامہ کے خلاف آپریشن میں مدد کی تھی ۔ امریکہ شکیل آفریدی کی رہائی کے لئے پاکستان پر مسلسل دباﺅ ڈال رہا ہے۔ اپنے مقصد میں نا کا می کے بعد اپنے ایجنٹوں کے ذریعے پشاور جیل سے ڈاکٹر شکیل آفریدی کو رہا کر انے کا منصوبہ بنایا تھا۔رپورٹ میں یہ بھی دعوی کیا گیا کہ پاکستان کو شکیل آفریدی کے بدلے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی حوالگی کی پیشکش بھی کی گئی ۔ ذرائع نے کہا کہ شکیل آفریدی کا معاملہ امر یکہ اور پاکستان کے درمیان تعلقات کی بہتری میں ایک اہم رکاوٹ ہے۔