Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چیمپیئنز لیگ:رئیل میڈرڈ مسلسل تیسری مرتبہ فائنل میں

میڈرڈ: چیمپیئنز لیگ فٹبال ٹورنامنٹ کے دوسرے مرحلے کے سیمی فائنل میں جرمن کلب بائرن میونخ سے مقابلہ 2-2گول سے برابر ہونے کے باوجود دفاعی چیمپیئن رئیل میڈرڈ پہلے سیمی فائنل میں فتح کی بدولت4-3کی مجموعی برتری کے ساتھ مسلسل تیسری مرتبہ چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں پہنچ گیا اس کا مقابلہ دوسرے سیمی فائنل کے دوسرے مرحلے کے دوران انگلش کلب لیورپول اور اطالوی کلب روما کے میچ میں فاتح کلب سے ہوگا۔ چیمپیئنز لیگ کافائنل 26مئی کو یوکرین کے دار الحکومت کیف میں کھیلا جائے گا۔ دوسرے مرحلے کے سیمی فائنل کیلئے بائرن میونخ کی ٹیم رئیل میڈرڈ کے ہوم گراﺅنڈ پر کھیلنے کیلئے میڈرڈ پہنچی تھی ۔ مہمان ٹیم نے میچ کا شاندار آغاز کیا اور اس کے کھلاڑی جوشوا کمچ نے تیسرے ہی منٹ میں گول کرکے برتری حاصل کر لی تھی۔رئیل میڈرڈ کے سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کی جگہ اس مرتبہ فرانسیسی کھلاڑی کریم بینزیما نے انتہائی شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے دونوں گول کئے اور ٹیم کی فائنل تک رسائی یقینی بنا دی ۔ 11ویں منٹ میں کئے جانے والے گول سے بینزیما نے میچ برابر کیا اور دوسرا ہاف شروع ہوتے ہی دوسرا گول کرکے مقابلہ 1-2کردیا۔ رئیل میڈرڈ کی اس برتری کو کلب کے سابق کھلاڑی جیمز رورڈرگز نے63منٹ میں ختم کرتے ہوئے مقابلہ پھر برابر کردیا ۔کریم بینزیما کی طرف سے کیا جانے والا دوسرا گول بائرن میونخ کے گول کیپر سوین الرچ کے غلطی سے ہوا جو گیند پکڑ نہ سکے اور وہاں موجود بینزیما نے کوئی لمحہ ضائع کئے بغیراسے جال میں پھینک دیا۔ روڈرگز کو ایک سنہری موقع ملا تھا لیکن وہ اس سے فائدہ نہیں اٹھا سکے۔ پہلے میچ کی فتح رئیل میڈرڈ کےلئے مددگار ثابت ہو گئی۔یہ میچ کریم بینزیما کیلئے بھی بہت اہم ثابت ہوا جو کافی عرصے سے خراب فارم کی وجہ سے مسلسل تنقید کا نشانہ بنے ہوئے تھے اور ان کیلئے ٹیم میں جگہ برقرار رکھنا مشکل ہو گیا تھا۔

شیئر: